حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ مولود کعبہ امیر المومنین حضرت علی ان ابی الطالب علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر متی پورہ پٹن میں پیروان ولادت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ علمائے کرام ودانشور حضرات نے شرکت کرکے مولائے کائنات کو گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حسب روایت نعت خوانی اور مدح سرائی کی گئی ۔روح پرور تقریب میں پیروان ولایت جموں وکشمیر کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی،صدر مولانا شبیر احمد صوفی اور مولانا محمد اشرف متو نے خطابات کئے۔
علمائے کرام اور دانشور حضرات نے امیر المومنین حضرت علی ابن ابی الطالب علیہ السلام کی سیرت کے چند گوشوں پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی الطالب کائنات کی ایک ایسی عظیم الشان ہستی ہے جس کی سیرت پاک میں انسان اور انسانیت کی بقا اور آزادی کا راز مضمر ہے ۔
مقررین نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی شان اور فضیلتوںکا احاطہ کرنا ناممکن ہے بلکہ قرآن و احادیث پر مکمل دسترس رکھنے والے ہی آپ کی شخصیت کو پہچان سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات نہ فقط کسی خاص مسلک،ملت یا مذہب سے وابسطہ نہیں بلکہ آپ کائنات کے ذرہ ذرہ کا سرمایہ ہےانہوں نے کہا کہ ابدی زندگی اور دنیوی کامیابی حاصل کرنے کے لئے معرفت امام کی ضرورت ہے ۔مقررین نے کہا کہ امام کی ذات اقدس سبق آموز، نمونہ عمل اوررہنمائے زندگي ہیں
آپ کا تبصرہ