۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مجمع طلاب شگر

حوزہ/ مجمع طلاب شگر کے شعبۂ ثقافت کی جانب سے مولی الموحدین، یعسوب الدین، امام المتقین، امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایک پر وقار جشن کا اہتمام کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع طلاب شگر مقیم قم کے شعبۂ ثقافت کی جانب سے مولی الموحدین، یعسوب الدین، امام المتقین، امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایک پر وقار جشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں حوزہ علمیہ قم کے طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، جشن کا آغاز کلام پاک کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت برادر اصغر ترابی نے حاصل کی اور جشن کی نظامت کے فرائض مجمع طلاب شگر کے جنرل سیکرٹری برادر فدا حسین ساجدی نے انجام دیئے، جبکہ برادران احمد مبلغی، ترابی، عابد وزیری، اصغر ترابی، علی حسین، علی محمد اور مہدی کریمی نے بہترین انداز میں شانِ مولائے متقیان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

جشن کے پہلے خطیب برادر مولانا محمد اصغر کاملی صاحب تھے انہوں نے "عدالت، حضرت علی علیہ السلام کی نگاہ میں؛ کے موضوع پر بہترین انداز میں پر زور تقریر کی۔

جشن کے دوسرے خطیب مہمان حجۃ الاسلام شیخ غلام محمد بوستانی صاحب تھے انہوں نے امام عالی مقام علیہ السلام کی سیرت اور علماء کی ذمہ داری کے حوالے سے مختصر اور جامع گفتگو کی۔

جشن کے اختتام پر مجمع طلاب شگر کے سربراہ حجۃ الاسلام شیخ غلام محمد حیدری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مدعوین کو خوش آمدید کہا اور ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

مجمع طلاب شگر کی مجلس نظارت کے سربراہ حجۃ الاسلام سید طہ موسوی صاحب نے مولائے متقیان کی فضیلت بیان کرتے ہوئے دعا کی۔

جشن کے آخر میں علاقۂ شگر کے وہ علماء جنہوں نے امام علی علیہ السلام سے متعلق موضوعات پر مضامین لکھے تھے ان کی بھی تجلیل ہوئی اور ان کو نفیس انعامات سے نوازا گیا اور ان میں مجمع کے سابق صدر حجۃ الاسلام شیخ محمد علی انصاری، جنہوں خورشید تابان کے عنوان سے فارسی زبان میں امام کے بارے میں کتاب لکھی تھی جو کہ کئی سال پہلے زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آگئی ہے، مجلس نظارت کے دبیر حجۃ الاسلام شیخ مصطفی فخری جنہوں نے نہج البلاغہ کلمات قصار کا بلتی زبان میں ترجمہ کیا تھا اور یہ کتاب لاہور سے چھپی ہے اور شعبۂ تحقیقات کے رکن شیخ محمد بشیر مقدسی شامل تھے انہوں نے اپنے ایم فل تھیسز کو آیت ولایت کے بارے میں تحریر کیا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .