۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ مولا علی علیہ السلام سے عشق و محبت کا یہ تقاضا ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلیں اور جب تک ہمارے گفتار اور کردار سے کردار علوی کی خوشبو نہ آئے دعوائے محبت ادھورا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ٹھکراٹھو ضلع سکھر پاکستان میں جشنِ مولودِ کعبہ کی عظیم الشان تقریب کا انعقاد ہوا جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل سنت کے امام حاکم نیشابوری نے کتاب المستدرک میں لکھا کہ یہ بات تواتر سے ثابت ہے کہ حضرت امیرالمومنین علی کی ولادت کعبہ میں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولود کعبہ مولا علی علیہ السلام کی ذات گرامی میں تمام انسانی فضائل و کمالات جمع ہوئے اسی لئے رسول اللہ نے فرمایا کہ آدم کا علم نوح کا عزم ابراہیم کی خلت موسی کی ہیبت عیسی کا زہد اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ و سلم کا جلال و جمال سب ذاتِ علی علیہ السلام میں جمع ہے، یعنی آپ انبیائے الہی کے وارث ہیں اسی لئے انبیاء کی صفات نے آپ کی ذات میں تجلی کی۔

انہوں نے کہا کہ عادلانہ معاشرے کا قیام انبیائے کرام کا ہدف تھا مولا علی علیہ السلام نے عدل و انصاف کی جو حکومت قائم کی وہ آج بھی تاریخ انسانی کا سنہری باب ہے۔

مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی حضرت مالک اشتر رضی اللہ عنہ کو مصر کا گورنر مقرر کرتے ہوئے جو تفصيلی تحریر ہے وہ آج دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے بہترین آئین حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام سے عشق و محبت ایمان کی نشانی ہے جبکہ مولا علی علیہ السلام سے بغض و عداوت منافقت اور گمراہی ہے۔ مولا علی علیہ السلام سے عشق و محبت کا یہ تقاضا ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلیں اور جب تک ہمارے گفتار اور کردار سے کردار علوی کی خوشبو نہ آئے دعوائے محبت ادھورا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .