۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
جے ایس او

حوزہ/جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے طلباء یونین کے بِل کی منظوری، وطنِ عزیز میں جمہوریت کی مضبوطی کی جانب اہم قدم ہے، دیگر صوبوں کو بھی اس عمل میں آگے بڑھنا چاہئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد 13 فروری 2022ء مرکزی صدر جے ایس او پاکستان سید راشد حسین نقوی نے سندھ اسمبلی سے طلباء یونین کے بِل کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ طلباء یونین کی بحالی وطنِ عزیز میں جمہوریت کی مضبوطی کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی کا یہ اقدام لائقِ تحسین اور خوش آئند ہے۔ طلباء کو اپنے مسائل حل کرنے میں آسانی رہے گی۔ سندھ اسمبلی سے طلباء یونین بِل کی منظوری، طلباء یونین کی بحالی کے لیے لجدوجہد کرنے والی تمام طلباء تنظیموں اور تمام جمہوری طاقتوں کی فتح ہے۔

جے ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ اب دوسرے صوبوں پر لازم ہو جاتا ہے وہ طلباء کے سلب شدہ حقوق بحال کریں تاکہ ملک ایک فلاحی جمہوریت کی جانب بڑھ سکے۔ تعلیمی اداروں میں طلباء کو درپیش آنے والے مختلف مسائل کا ازالہ بھی اسی صورت ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ بھر سے جے ایس او کے کارکنوں کو بھرپور انداز میں تیاری کرکے طلباء یونین کے انتخابی میدان میں اترنے کا کہہ دیا ہے۔ جے ایس او پاکستان بلاتفریق تمام طلباء کے تعلیمی، سماجی اور معاشرتی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔

مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے ساتھ بڑھتے ہوئے ہراسانی اور تشدد کے واقعات قابلِ تشویش ہیں ان پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متاثرین کو انصاف ملے، ہمیں اپنی نوجوان نسل کے محفوظ اور روشن مستقبل کی جدوجہد کرنی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ طلباء یونین کی بحالی ان تمام مسائل کا ازالہ کرے گی اور مستقبل کے لیے ملک میں بہترین لیڈرشپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .