حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تیرہ رجب المرجب جشن مولود کعبہ کی مناسبت سے مشہد مقدس اور حرم امام علی رضا علیہ السلام محبان و عاشقان اہلبیت(ع) سے چھلک رہا ہے ۔
اس پرمسرت موقع پرہر طرف جشن کا سماں ہےاور حرم امام علی رضا علیہ السلام کو برقی قمقوں لائٹوں اورپرچموں سے انتہائی خصوبصورتی کے ساتھ سجایا گيا ہے۔
ایران سمیت دنیا بھر میں شیرالہی حیدر کرارکے ماننے والے اپنے مولا و آقا کا جشن ولادت انتہائی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں مشہد مقدس میں بھی حرم امام علی رضا علیہ السلام میں اس مناسبت سے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔
شب ولادت میں نماز مغربین کے فوراً بعد مولود کعبہ کے جشن کی مناسبت سےحرم امام رضا(ع) کے نقارے بجائے گئے،جس کے بعد امام علی رضا(ع) کے حرم کے رواق امام خمینیؒ میں جشن کا مرکزی پروگرام زیارت امین اللہ کی قرائت سے شروع ہوا،پروگرام کے دوران معروف ایرانی شاعر جناب جواد غفورزادہ نے امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کی شان میں اشعار اور قصیدے پڑھے۔ شب ولادت کے اس مرکزی پروگرام کے اختتام پر حجت الاسلام والمسلمین سید مہدی میرباقری نے محفل کو خطاب کیا اور مولائے کائنات کے فضائل و مناقب بیان کئے۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ ولادت کے دن جشن کا خصوصی پروگرام صبح ساڑھے نو بجے رواق امام خمینیؒ میں شروع ہوا جو بدستور جاری ہے۔
ہندوستان ،پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے اردو زبان زائرین کے لئے حرم امام علی رضا علیہ السلام کی جانب سے رواق غدیر میں جشن کے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ، جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا سید سجاد حسین اطہر نے قرآن کریم کی تلاوت کی زیارت امین اللہ بھی پڑھی۔
اس محفل جشن میں بعض اردو زبان شعراء نے مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی شان میں قصیدے اور اشعار پڑھےاور حجت الاسلام والمسلمین ابن علی حیدری نے محفل کو خطاب کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حضرت امیرالمومنین کی سیرت حیات طیبہ پرروشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ فضائل و مناقب علی بن ابی طالب علیہ السلام بیان کئے۔
محفل جشن کے اختتام پر حرم مطہر امام رضا علیہ السلام کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین میں قرعہ اندازی کے ذریعہ انعامات تقسیم کئے گئے۔
واضح رہے کہ پورےسال اردو زبان زائرین کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام میں پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں جن میں زائرین بھرپورانداز میں شرکت فرماتے ہیں۔