۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
امام رضا (ع) کے حرم

حوزہ/ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں ماہ رجب المرجب کی مناسبت سے اردو زبان زائرین و مجاورین کے لئے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں ماہ رجب المرجب کی مناسبت سے اردو زبان زائرین و مجاورین کے لئے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

رجب قمری کلینڈر کا ساتواں مہینہ ہے، یہ مہینہ بڑی عظمتوں اور برکتوں والا ہے ، حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں :’’ رجب بہت عظیم مہینہ ہے اس میں نیکیوں کا اجر کئی گنا ہوجاتا ہے اور انسان کے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں جو شخص اس مہینہ میں روزہ رکھتا ہے تو جہنم کی آگ سو برس کے فاصلہ پر اس سے دور ہوجاتی ہے اور بہشت کے دروازے اس کے لئے کھول دیئے جاتے ہیں‘‘۔

اس مہینہ میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت کی خاص فضیلت بیان ہوئی ہے؛ امام جواد علیہ السلام سے روایت ہے:’’ امام رضا علیہ السلام کی زیارت ہر وقت اچھی ہے لیکن آپ کی زیارت کا سب سے افضل وقت ماہ رجب ہے‘‘۔اس مہینہ میں جو زائرین حضرت امام علی رضا(ع) کے حرم مطہر کی زیارت سے شرفیاب ہوں گے ان کے لئے حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں حرم مطہر میں اردو زبان شعبہ کے ایک عہدیدار ڈاکٹر نجف علی سعادتی نے پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یکم رجب المرجب کو امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سےحرم امام رضا(ع) کے رواق دارالرحمہ میں اردو زبان زائرین و مجاورین کے لئے جشن کا انعقاد کیا گیا جسمیں اردو زبان زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں اردو زبان زائرین کے لئے ماہ رجب المرجب کی دیگر مناسبتوں پر بھی اس طرح کے بہت سارے خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ رجب المرجب کی ہر شب بدھ کو حرم امام رضا(ع) سے ’’شمس الشموس‘‘ پروگرام کو ساڑھے گیارہ بجے کربلا چینل سے نشر کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے بھی اردو زبان زائرین کے لئے تین خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ،جس میں سے ایک شب شعر انقلاب اسلامی ہے جس کے لئے مختلف شعراء کی جانب سے سینکڑوں اشعار حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کو موصول ہو چکے ہیں اور ان اشعار میں سے منتخب اشعار کو انعامات اور متبرک تحائف سے نوازا جائے گا۔

پیر کے روز ’’گام اول انقلاب اور گام دوم انقلاب پر ایک نظر‘‘ کے عنوان سے اردو زبان زائرین کے لئے خصوصی نشست منعقد کی جائے گی جس میں اسلامی انقلاب کے پہلے اور دوسرے مرحلے پر روشنی ڈالی جائے گی۔

اس کے علاوہ بروز بدھ ’’انقلاب اسلامی ایران کے آثار و برکات‘‘ کے عنوان سے بھی ایک علمی نشست منعقد ہوگی جس میں اردو زبان زائرین کرام شرکت کریں گے ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اردو زبان خواتین کے لئے بھی حرم امام رضا(ع) کی جانب سے ہر پیر کو سہ پہر تین بجے حرم مطہر رضوی کے رواق دارلرحمہ میں خصوصی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .