۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
امام علی رضا (ع) کے حرم میں پہنچ کر دل کو سکون ملتا ہے، ایک اردوزبان زائر کےدل کی آواز

حوزہ/ پاکستان سے آنے والے ایک زائر کا کہنا ہے کہ حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا(ع) کے حرم مطہر میں پہنچ کر دل کو سکون ملتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہر سال مختلف ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں اہلبیت (ع) کے چاہنے والے امام رضا(ع) کے حرم مطہر کی زیارت کے لئے آتے ہیں ، انہی زائرین میں سے اردوزبان بولنے والوں کی بھی کثیر تعداد امام علی رضا(ع) کے روضہ منورہ کی زیارت کے لئے مشہد آتی ہے ۔

پاکستان کے شہرلاہور سے آنے والے ایک زائر اپنی عقیدت و محبت کا کچھ اس طرح اظہار کرتے ہیں : ’’میں چالیس سال پہلے اپنے والدین کے ہمراہ امام رضا(ع) کی زیارت کے لئے یہاں آیا تھا اس کے بعد ہمیشہ سے میری دلی آرزو تھی کہ دوبارہ امام رضا علیہ السلام کی زیارت نصیب ہو، جب بھی زائرین ایران و عراق کی زیارات کے لئے جاتے ان سب کو الوداع کرنے جاتا اور سب سے کہتا کہ میرے لئے بھی دعا کریں کہ مجھے بھی دوبارہ امام رضا(ع) کی نورانی و ملکوتی بارگاہ کی زیارت نصیب ہو۔

امام رضا علیہ السلا م کے زائرغلام رسول کا کہنا تھا کہ مجھے ایران میں 21 دن ہو چکے ہیں پہلے حضرت معصومہ قم(س) کی زیارت سے مشرف ہوا اور اب دس روز سے امام رضا(ع) کا مہمان ہوں، حرم امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام میں پہنچ کر جو میرے دل کو سکون ملا ہے وہ کہیں بھی نہیں ملا، اگرچہ امام رضا علیہ السلام کے روضہ منورہ میں تعمیراتی اور توسیعی منصوبے کے لحاظ سے ان چالیس برسوں کے دوران بہت زیادہ تبدیلیاں آئی ہیں لیکن حرم کی وہی روحانی فضا ہے اور اسی طرح سے دل کو سکون ملتا ہے اورحرم میں پہنچ کر انسان دنیا کے سب غم بھول جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چالیس سال پہلے اردو زبان زائرین کے لئے اس طرح کے منظم پروگرام منعقد نہیں کئے جاتے تھے، الحمد للہ مجھے بہت خوشی ہوئی جب یہ دیکھا کہ حرم امام علی رضا(ع) میں اردو زبان زائرین کے لئے باقاعدہ اردو میں مجالس کا انعقاد کیا جاتا ہے اور حرم امام علی رضا علیہ السلام کی جانب سے زائرین کو تحفہ و تحائف دیئے جاتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اردو زبان زائرین کی راہنمائی کے لئے صبح سے شام تک اردو زبان عالم دین رواق دارالرحمہ میں موجود رہتے ہیں ۔اس کے علاوہ زائرین کو حرم امام علی رضا(ع) میں کسی بھی قسم کوئی مشکل ہو تو وہ اس کے حل کے لئے رواق دارالرحمہ جا کر راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .