حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہر سال لاکھوں کی تعداد میں اردو زبان زائرین پاکستان ہندوستان اور دنیا کے مختلف ملکوں سے امام رضا(ع) کی نورانی و ملکوتی بارگاہ کی زیارت کے لئے مشہد مقدس حاضر ہوتے ہیں۔
پچھلے دو برسوں سے کورونا وائرس کے باعث اردو زبان زائرین کا سلسلہ رک گیا تھا جس کی وجہ سے حرم امام علی رضا(ع) کی انتظامیہ نے تمام ممالک میں بسنے والے عقیدت مندوں کے لئے سوشل میڈیا اورٹی وی پروڈکشن کے ذریعہ پروگراموں کا سلسلہ شروع رکھا۔ تاہم اب دوبارہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے اردو زبان زائرین کے لئے ویزا جاری کیا جا رہا ہے، وہ زائرین جن کے دل ایک مدت سے امام ہشتم کی نورانی بارگاہ کی زیارت کے لئے تڑپ رہے تھے نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ امام کی بارگاہ میں حاضر ہورہے ہیں، اسی چیز کو مدّ نظر رکھتے ہوئے حرم مطہر امام علی رضا(ع) کی انتظامیہ کی جانب سے حسب سابق اردو زبان زائرین کے لئے پروگراموں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گيا ہے۔
حرم مطہرامام علی رضا (ع) کی انتظامیہ نے بتایا کہ ہر روز صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک حرم مطہر کے رواق دارالرحمہ میں اردو زبان زائرین کی راہنمائی کے لئے اردو زبان خادم موجود ہوتے ہیں،اس کے علاوہ ہر روز رواق دارالرحمہ میں یا رواق کوثر میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کا آغاز بوقت عصر 4 بجے سے احکام دین کی کلاس سے شروع ہوجاتا ہے نماز مغربین باجماعت پڑھی جاتی ہے اور اس کے بعد ہر روز قرآن کریم کے ایک صفحہ کی تلاوت اور زیارت امام رضا (ع) پڑھی جاتی ہے زیارت کے اختتام پر حرم امام علی رضا (ع) کے اردو زبان خطباء مجلس کو خطاب کرتے ہیں ، مجلس کے اختتام پرحرم مطہر امام رضا (ع) کی جانب سے زائرین کے درمیان متبرک تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں۔
وہ زائرین جوحرم امام علی رضا علیہ السلام کا متبرک کھانا لینا چاہتے ہیں ہر روز صبح 9بجے سے نماز ظہر تک رواق غدیر سے دسترخوان کا دعوت نامہ وصول کر سکتے ہیں۔
مندرجہ بالا پروگراموں کے علاوہ ہر روز صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک زائرین کے لئے حرم شناسی سے متعلق کلاس رکھی گئی ہے جس میں زائرین شرکت کرکے حرم سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں اورساڑھے دس سے ساڑھے گیارہ بجے تک زائرین کو حرم امام علی رضا علیہ السلام کی اجتماعی طور پرزیارت کروائی جاتی ہے ۔
سوشل میڈیا پر بھی حرم مطہر رضوی کی جانب سے اردو زبان مومنین کے لئے ہر بدھ کو شام 8بجے پروگرام منعقد کیا جاتا ہے تاکہ وہ زائرین جو حرم امام علی رضا علیہ السلام میں حاضر نہیں ہو سکے دور سے امام کی نورانی و ملکوتی بارگاہ کی زیارت کر سکیں اور تعلیمات امام رضا علیہ السلام سے بھی مستفید ہو سکیں۔