۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
کمال ثریا اردکانی

حوزہ/ حرم کریمۂ اہلبیت(س) میں غیر ملکی امور کے سربراہ نے آخری آٹھ ماہ میں 75 ہزار غیر ملکی سیاحوں اور زائرین کی میزبانی کرنے کی خبر دیتے ہوئے کہا: اس عرصہ میں ہم نے 86 مختلف ممالک سے آئے پندرہ ہزار پانچ سو غیر مسلم سیاحوں کی بھی خدمت کی ہے کہ جن میں سے بیشتر تعداد فرانس، اٹلی اور جرمنی سے آئے ہوئے سیاحوں کی تھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حرم کریمۂ اہلبیت(س) میں غیر ملکی امور کے سربراہ جناب کمال ثریا اردکانی نے غیر ملکی زائرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: حرم کریمہ اہلبیت حضرت معصومہ سلام اللہ قم میں تشریف لانے والے غیر ملکی زائرین کو چاہئے کہ وہ حرم مطہر میں ان کی خدمت کے لئے بنائے گئے خصوصی دفاتر کی طرف رجوع کریں۔

انہوں نے کہا: آخری آٹھ ماہ میں پچھتر ہزار غیر ملکی سیاح اور زائرین حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کی میزبانی سے مستفید ہوئے ہیں جس میں ان زائرین کے لئے مختلف پروگرامز منجملہ سوال و جواب کا سیشن، نشست معرفت، اعتقادی ابحاث، صلاح و مشورے کی نشست اور اسی طرح مہمانوں کی حرم مطہر سے آشنائی کے لئے پروگرامز شامل ہیں۔

انہوں نے ۴۸ مختلف ممالک سے آئے تقریباً ساٹھ  ہزار غیر ملکی زائرین اور پندرہ ہزار پانچ سو غیر ملکی غیر مسلم سیاح جو کہ دنیا کے مختلف چھیاسی ملکوں سے قم آئے ہوئے تھے، کی میزبانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ان سیاحوں میں اکثریت فرانس، اٹلی، جرمنی، ہالینڈ، اسپین اور چین سے آئے ہوئے مہمانوں کی تھی کہ جس میں سے پچپن فیصد خواتین اور پینتالیس فیصد مرد حضرات تھے جس سے واضح ہوتا ہے کہ گذشتہ سالوں کی نسبت اس سال خواتین سیاحوں کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

حرم کریمۂ اہلبیت سلام اللہ علیھا میں غیر ملکی امور کے سربراہ نے کہا: غیر ملکی زائرین میں آذربائیجان، عراق، پاکستان، ہندوستان، لبنان، بحرین، افغانستان اور ترکی کی بھی خاصی تعداد شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا: غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ۱۷۰ سے زیادہ نشستیں اور دینی سوال و جواب کے پروگرامز رکھے گئے۔اسی طرح گذشتہ آٹھ ماہ میں تین ہزار سے زائد گروپس کے لئے حرم مطہر سے آشنائی کےتقریبا دو ہزار آٹھ سو ٹورز انجام پائے ہیں۔

ثریا اردکانی نے صحن امام ہادی(ع) میں سیاحوں اور زائرین کے لئے بنائے گئے دفاتر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عربی، اردو اور آذری زبان اور صحن صاحب الزمان(عج) میں عمومی مراجعین کے لئے دفاتر کی تشکیل اور اسی طرح حرم کے داخلی دروازہ نمبر ۱۸  میں خواتین کے لئے بنایا گیا دفتر بھی زائرین کی خدمت کے لئے اپنی فعالیت انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا: غیر ملکی زائرین کی خدمت کی انجام دہی کے لئے دفاتر صبح  9 سے سہ پہر ۳ بجے تک اور شام ۵ بجے سے رات ۱۰ بجے تک کھلے رہتے ہیں۔نیز غیر ملکی سیاحوں کی خدمت کے لئے بنائے گئے  دفاتر بھی ہر روز صبح ۷ بجے سے شام ۷ بجے تک کریمۂ اہلبیت سلام اللہ علیھا کے مہمانوں کے خدمت اور رہنمائی کے لئے حاضر ہیں۔

انہوں نے غیر ملکی زائرین کی سہولت اور مزید  اطلاعات کے لئے حرم مطہر حضرت معصومہ(س) میں موجود فون نمبرز کا ذکر کرتے ہوئے کہا: مراجعین کی سہولت کے لئے فون نمبر ۰۲۵۳۷۱۷۵۳۰۹، عربی شعبے کے لئے ۰۲۵۳۷۱۷۵۸۱۱، آذری شعبے کے لئے ۰۲۵۳۷۱۷۵۸۱۰، اردو شعبے کے لئے ۰۲۵۳۷۱۷۵۸۱۰ اور حرم مطہر میں سیاحوں کی آمد کے لئے ۰۲۵۳۷۱۷۵۴۷۷ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .