۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
روضہ امام رضا علیہ السلام

حوزہ/ منجیٔ عالم بشریت ،قائم آل محمد حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت با سعادت کے موقع پر حرم امام علی رضا علیہ السلام کے ادارہ تبلیغات اسلامی کی جانب سے مختلف طرح کے جشن اور پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پندرہ شعبان حضرت امام مہدی عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کی تاریخ ولادت باسعادت کی مناسبت سے شبِ ولادت محفل جشن کا مرکزی پروگرام حرم امام رضا(ع) کے رواق امام خمینیؒ میں منعقد ہوا جس کا آغازشام سات بجے سے امام زمانہ(عج) کی شان میں قصید ہ خوانی ہوا اور اسی پروگرام میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے جشن میں شریک حاضرین اور زائرین کو خطاب کیا۔

دعائے کمیل کا آغازرات آٹھ بجے سے ہوا جس میں زائرین و مجاورین نے بھرپور شرکت کی اس کے علاوہ حرم امام رضا(ع) میں اعمال شب پندرہ شعبان کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس کا باقاعدہ آغاز رات بارہ بج کر پچاس منٹ پر تلاوت قرآن کریم سے ہوا اس کے بعد حجت الاسلام والمسلمین حاج علی اکبری نے خطاب کیا ۔

اس کےعلاوہ پندرہ شعبان کے دن صبح ساڑھے پانچ بجے دعائے ندبہ پڑھی گئی اور اس کے بعد حجت الاسلام والمسلمین عبد الحمید واعظ شہیدی نے خطاب کیا۔اسی مناسبت سے پاکستان اور ہندوستان سے آنے والے اردو زبان زائرین کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق غدیر میں خصوصی محفل جشن کا انعقاد کیا گیاجس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور زیارت امین اللہ سے ہوا جسے ڈاکٹر نجف علی سعادتی نے خوبصورت انداز میں پڑھا، اس کے بعد چند ایک اردو شعرا نے امام زمانہ (عج) کی شان میں اشعار اور قصیدے پڑھے ، بعدازاں حرم امام رضا علیہ السلام کے اردو زبان خطیب حجت الاسلام والمسلمین سید حسن عسکری نے امام زمانہ (عج) کے موضوع پر بہترین انداز میں خطاب کیا ۔جشن کے اختتام پر حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین میں متبرک تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ امام زمانہ(عج) کی ولادت باسعادت عباسی خلیفہ معتمد کی حکومت کے دورمیں 15شعبان 255ہجری کو سامراء میں ہوئی،آپ(ع) کی والدہ گرامی کا نام حضرت نرجس خاتون (س) ہے، امام علیہ السلام پانچ سال کی عمرمیں منصب امامت پر فائز ہوئے ، آپ کی امامت کے آغاز سے آپؑ کی غیبت صغریٰ کا آغاز ہوگیا ،غیبت صغریٰ میں امام مہدی(عج) سوائے چند خاص لوگوں کے تمام لوگوں کی نگاہوں سے پوشیدہ رہے اور شیعوں سے ان کا رابطہ اپنے نمائندوں اور سفراء کے ذریعے رہا،آپ(ع) کے چوتھے نائب خاص کے انتقال کے بعد سن328ہجری سے غیبت کبریٰ شروع ہوئی جو اب تک جاری ہے اور مشیت الہی سے آپ ظہور فرمائيں گے او راس دنیا کو عدل و انصاف کا گہوارہ بنادیں گے۔

آخر میں آپ تمام قارئین کو امام زمانہ(عج) کی ولادت باسعادت کے اس پرمسرت موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا ہے کہ خداوند متعال منجیٔ عالم بشریت ، قائم آل محمد حضرت امام مہدی (عج) کے ظہور میں تعجیل فرمائے۔ آمین

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .