حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ جسٹس فائق زیدان سے حرم مطہررضوی کے "ولایت ہال" میں ملاقات کے دوران اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم عراق کی ترقی وخوشحالی اور امن و استحکام کو ایران کی ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام سمجھتے ہيں کہا کہ داعش کے فتنے پر قابو پانے کے لئے ہونے والی جنگ میں ایرانی مجاہدین کا خون بھی عراقی مجاہدین کے ساتھ ساتھ بہا ہے۔
انھوں نے عرب زبان زائرین کے لئے آستان قدس رضوی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور خدمات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ دسیوں ہزار عرب زائرین امام علی رضآ علیہ السلام کے حرم کی زیارت کا شرف حاصل کرتے ہيں جن میں زیادہ تعداد عراقی بھائیوں اور بہنوں کی ہوتی ہے ۔ آستان قدس رضوی کے متولی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عرب زبان زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور خدمات کی فراہمی کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام میں ایک ہال اور صحن مخصوص کردیا گیا ہے کہا کہ ہمارا ہدف بھی یہی ہے کہ جس طرح سے ایرانی زائرین کے لئے سہولتیں اور آسانیاں فراہمی کی جاتی ہيں بالکل اسی طرح اور اسی انداز میں ہم عراقی زائرین کو بھی خدمات اور سہولتيں فراہم کریں ۔
انھوں نے کہا کہ ہم حضرت امام رضا (ع) کے خادم کی حیثیت سے اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ حضرت ثامن الحجج امام رضا (ع) کے زائرین کی خواہ وہ ایرانی ہوں یا غیرملکی، ان کی شان و منزلت کے اعتبار سے ان کی خدمت نہيں کرپاتے اور اس بات پر ہمیں شرمندگی بھی ہے کیونکہ حضرت امام رضاعلیہ السلام کے زائرین کی خدمت اس سے کہیں زیادہ ہونی چاہئے.
حجت الاسلام مروی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایران اور عراق کے مقامات مقدسہ کی برکتوں، نیزجہان تشیع کے اتحاد و یگانگت اور عظمت و شکوہ کی علامت اربعین حسینی کے عظیم الشان مارچ کی بدولت، ان دونوں ملکوں کے عوام کا رابطہ ، دوستی و بھائی چارہ روز بروز مستحکم ہوگا.
انھوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ، ایران و عراق کی قوموں کے اتحاد و اتفاق، ہمدلی اور ہم آہنگی سے خوش نہیں ہے اور کبھی تو اس کوشش میں ہوتا ہے کہ ملک کے اندر ہی مختلف اقوام اور مذاہب کے مابین تفرقہ ڈالے اور کبھی اسلامی ملکوں کو ایک دوسرے سے لڑانے کی کوشش کرتا ہے.
آستان قدس رضوی کے متولی شیخ احمد مروی نے کہا کہ عالمی سامراج اور ان سب کا سرغنہ امریکا، اسلامی ملکوں میں تفرقے کو اپنی کامیابی کا اصل راز سمجھتا ہے بنا بریں مجھے امید ہے کہ ہم سب، رہبر انقلاب اسلامی اور عراق کے مراجع کرام کی رہنمائیوں ميں اس طرح سے قدم آگے بڑھائيں گے کہ ایران اور عراق کے عوام کا اتحاد و يگانگت پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ہو گی.