۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حجت‌الاسلام محمدرضا صالح

حوزہ/ آستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین اور جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے تعاون سے رضوی مبلغین کے مابین پہلی باہمی ہمفکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اس نشست کا مقصد ماہ صفر کے آخری عشرے میں مذہبی اور دینی پروگراموں کے لئے حکمت عملی تیار کرنا اوررضوی تعلیمات کی ترویج کے لئے ایک فعال اوربامقصد نیٹ ورک قائم کرنے کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر رضوی تعلیمات کو فروغ دینا ہے ، یہ نشست حرم مطہر رضوی کے فاطمیون کانفرنس ہال میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے اساتذہ کے تعاون اور عربی،اردو،آذری اور انگریزی زبان کے مختلف شعبوں کے ماہرین اور سائبر اسپیس کے شعبہ کے اساتذہ کی شرکت کے ساتھ منعقد کی گئی۔ 

نشست کے آغاز میں اساتذہ نے رضوی تعلیمات کو فروغ دینے کے لئے حرم مطہر رضوی کے بین الاقوامی اداروں اور مراکز کے ساتھ   تعاون کی توسیع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مبلغین کے ذریعہ دینی بیداری اور شیعوں کے مابین زیادہ سے زیادہ اتحاد پر زور دیا۔

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی مشہد برانچ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد رضا صالح نے اس نشست کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس نشست کا پہلا مقصد دینی و تبلیغی مطالب کے معیار میں بہتری اور حرم مطہر رضوی میں انجام پانے والی سرگرمیوں کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے اس نشست کا ایک اور مقصد مختلف اقوام کی ضرورتوں کی شناخت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تبلیغی امور کے مضبوط اور کمزور پہلوؤں کی شناخت اور بین الاقوامی اداروں اور مراکز کے ساتھ روابط   اہم موضوعات ہيں جن پر غور کیا جانا چاہئے۔ 

صوبہ خراسان رضوی میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی برانچ کے سربراہ نے اس بیان کے ساتھ کہ حرم مطہر رضوی میں بین الاقوامی سطح پر ایک تبلیغی دستاویز تیار کرنے کی ضرورت ہے؛ کہا کہ یہ فورم بین الاقوامی سطح پر تبلیغ کے میدان میں بنیادی حکمت عملی کے حصول کے لئے باہمی ہمفکری کا اہم مرکز ہوگا۔ 

انہوں نے  کہا کہ طلباء اور مبلغین کو زائرین کا خادم ہونا چاہئے اوران کے دلوں میں زائرین کی خدمت کا شوق ہونا چاہئے، انہیں چاہئے کہ ہمیشہ بردباری اور وسعت قلبی کے ساتھ پیش آئیں۔

حجت الاسلام صالح نے کہا کہ حرم مطہر رضوی میں ہونے والی تقاریر میں جامعیت ہونی چاہئے اور مختلف موضوعات جیسے اخلاق، سیاست،معاشرتی اصول اور عقائد وغیرہ کو مساوی طور پر سامعین کے لئے بیان کیا جائے۔ 

اس نشست کے اختتام پر شرکاء نے اپنی اپنی  آراء اور تجاویز پیش کیں اور اس بات پر زور دیا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا حرم مطہر ایسی عظیم جگہ ہے جہاں سے تبلیغ کا ایسا نمونہ دیا جا سکتا ہے جس سے پوری دنیا میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے، ہمیں اس بات کی قدر کرنا چاہئے کہ ہم حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے مجاور ہیں اور تبلیغی امور پر بھرپور توجہ دینا چاہئے ۔ 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .