حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سربراہ ، حجت الاسلام و المسلمین شاکری نے، ہندوستان میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کی اوپن یونیورسٹی کے ذریعے پورے ہندوستان سے تمام دلچسپی رکھنے والوں کے مفاد کے لئے اٹھائے گئے کچھ اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات موجودہ بحرانی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعۃ المصطفی العالمیہ کے سربراہ کی تاکید اور ہدایات پر اٹھائے گئے ہیں،تمام کورسز ایل ایم ایس سسٹم پر مبنی اور آن لائین ہوں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں المصطفٰی انٹرنیشنل یونیورسٹی کی نمائندگی ، سوشل میڈیا پر نئی ٹکنالوجیوں کے سہارے ہندوستان بھر سے متعدد حصول علم کے خواہاں جوانوں کو اسلامی اور انسانی علوم کی تعلیم کے مساوی مواقع کی فراہمی کے لئے کوشش کرے گی، تاکہ تربیت کے ضمن میں متقی اور پرہیز گار علماء و ماہرین کی تربیت کی جائے اور دین ناب محمدی صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی ترویج و تبلیغ ہو اور اسلام کی واضح تعلیمات اور قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی رہنمائی سے سب واقف ہوں۔
واضح رہے کہ یہ کورس المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی نگرانی میں چلے گا اور اس یونیورسٹی کے توسط سے طلباء کو جو ڈگری دی جائے گی وہ بین الاقوامی سطح پر قابل قبول ڈگری ہو گی ۔
ہندوستان میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سربراہ نے المصطفی اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی طریقہ کار کے بارے میں بھی کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں جدید فاصلاتی تعلیم کے فوائد کے ساتھ مطالعہ، بشمول انٹرنیٹ اور موبائل سسٹم کے تناظر میں تعلیم دی جائے گی۔
آخر میں حجت الاسلام و المسلمین شاکری نے کہا کہ اس اوپن یونیورسٹی کی رجسٹریشن سمیت کلاسوں کا انتخاب ،اساتذہ کا انتخاب اور ایجوکیشن سہولیات کی فراہمی سب کو آنلائن انجام دیا جائے گا اور طلباء، ان کو فراہم کیے جانے والے علمی ، متنوع اور دلچسپ مواد سے استفادہ کرتے ہوئے بہترین اور تخلیقی اساتذہ کی رہنمائی کے ساتھ ، علم اور نیک عمل کی بلندیوں پر قدم بہ قدم آگے بڑھیں گے اور اسلام کی زندگی بخش تعلیمات کے سائے میں ایک بہترین زندگی گزاریں گے ۔