۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
News ID: 393198
23 ستمبر 2023 - 01:50
"انا من حسین" انٹر نیشنل فیسٹیول

حوزہ/ بین الاقوامی عاشورا فاونڈیشن"،"ولایت ٹی وی" کے تعاون سے " انا من حسین" عنوان کے تحت دوسرے عظیم الشان فیسٹیول" کا انعقاد کر رہا ہے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی عاشورا فاونڈیشن"،"ولایت ٹی وی" کے تعاون سے " انا من حسین" عنوان کے تحت دوسرے عظیم الشان فیسٹیول" کا انعقاد کر رہا ہے۔

اس فیسٹیول کا موضوع "پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا اپنے نواسہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام سے رابطہ" ہے۔ یہ فیسٹیول قلمی کاوشوں، آڈیو ، ویڈیو، فلم، انیمیشن وغیرہ پر مشتمل ہوگا۔

فیسٹیول کے اغراض و مقاصد

  • قرآنی آیات اور رسولِ رحمت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے فرمودات کی روشنی میں مسلمانوں کے لئے امام حسین علیہ السلام کی شخصیت اور واقعۀ کربلا کو متعارف کرانا۔
  • رسول اکرمﷺ کے دین و آئین محمدی کی بقا ء جاودانی میں قیام کربلا کا کردار ۔
  • تعلیمات رسول اکرمﷺ کی روشنی میں غیر شیعہ اور غیر مسلم معاشرہ کو حقیقی اسلام اور کربلائی تہذیب سے واقف کرانا
  • تعلیمات رسول اکرمﷺ کی روشنی میں ثقافتی اسلوب کے ساتھ کربلا کی عظیم تہذیب و اقدار کی تبلیغ و ترویج۔
  • مصنفین، مترجمین، صاحبان قلم اور مختلف میدانوں کے فنکار وں کو رسول اکرم اور امام حسین علیہما السلام سے متعلق موضوعات کی جانب راغب کرنا۔
  • دیندار و فرض شناس مصنفین اور فنکاروں کی شناخت اور ان کی حوصلہ افزائی، نیز جدید صلاحیتوں کی تلاش۔

بین الاقوامی فیسٹیول مندرجہ ذیل پانچ شعبوں پر مشتمل ہوگا:

موضوعات

فیسٹیول میں شامل ہونے والی تمام تخلیقات ،مختصر فلم، انیمیشن اور اسکرپٹ کے موضوعات درج ذیل عناوین کے مطابق ہونا چاہئے:

  • رسول خداﷺ اور امام حسین علیہ السلام کی مشترکہ تاریخ۔
  • قیام کربلا میں قرآن مجید کی دینی، اخلاقی اور معاشرتی تعلیمات کی تجلیاں۔
  • رسول اللہ ﷺ کے دین کی بقا میں قیام کربلا کا کردار۔
  • امام حسین علیہ السلام کے بارے میں احادیث رسول اللہﷺ تصاویر کی زبانی پیش کرنا۔
  • رسول اللہ ﷺ اور امام حسین علیہ السلام سے متعلق کوئی بھی مشترکہ موضوع۔

۱۔ شعبہ فلم

الف) شعبہ فلم کے حصے:

۱۔ شارٹ اسٹوری فلم ۲۔ شارٹ ڈاکیومنٹری ۳۔ انیمیشن ۴۔ اسکرین پلے (اسکرپٹ)

شارٹ فلم اور انیمیشن کے اصول و ضوابط

  • فیسٹیول میں شامل ہونے والی فلموں میں مذکورہ بالا موضوعات کو واضح طور پر بیان کیا جانا چاہئے۔
  • اسٹوری فلم اور انیمیشن فلموں کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ ۳۰ منٹ اور ڈاکیومنٹری فلموں کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ ۴۰ منٹ ہونا چاہئے۔
  • اپنی تخلیقات کو DVD ، USB ، گوگل ڈرائیو یا ٹیلیگرام کے ذریعہ فیسٹیول کے دفتر ارسال کرنا ہوگا۔
  • موبائل فون کے کیمرے کے ذریعہ بھی فلم بنائی جا سکتی ہےالبتہ ویڈیو کی کیفیت اعلی اور معیاری ہونا چاہئے۔
  • جو فلمیں ججز کے فیصلے کے مرحلہ تک پہنچیں گی، ان کیلئے شوٹنگ کے وقت کے مناظر اور بیک گراؤنڈ کی تصاویر اور ویڈیوزبھیجنا لازمی ہے۔

اسکرپٹ کے اصول و ضوابط

  • اسکرپٹ کا حجم مختصر اسٹوری فلم کے تناسب سے ہونا چاہئے یعنی زیادہ سے زیادہ ۳۰ صفحات/ منٹس پر مشتمل ہو۔
  • جو تخلیقات اقتباس پر مشتمل ہوں گی ان کا حوالہ پیش کرنا لازمی ہے۔/ اقتباس پر مبنی تخلیقات کیلئے اس اقتباس کا مدرک اور خلاصہ بیان کرنا ضروری ہے
  • ارسال شدہ اسکرپٹ پر پہلے کوئی فلم نہ بنی ہو۔
  • اسکرپٹ WORD میں 14 کے فونٹ کے ساتھ ٹائپ شدہ ہو اور صفحات نمبر بھی درج ہونا چاہئے ۔
  • اسکرپٹ کا خلاصہ ایک صفحہ میں ٹائپ کرکے ارسال کیا جائے۔

دوم) شعبہ اشعار

الف) شعبہ اشعار کے حصے

شعبہ اشعار چار حصوں پر مشتمل ہے:

۱۔ قدیم روایتی شاعری ۲۔ جدید شاعری ۳۔ شاعری بزبان اطفال و نوجوانان ۴۔سلام، نوحہ و مرثیہ

ب) شعبہ اشعار کے موضوعات

فیسٹیول میں شامل ہونے والے قصائد و مناقب اور نوحہ جات مذکورہ موضوعات کے علاوہ مندرجہ ذیل موضوعات کے مطابق مرقوم ہونا چاہئیں:

  • امام حسین علیہ السلام کے بارے میں احادیث رسول اللہﷺ۔
  • رسول اللہﷺ اور امام حسین علیہ السلام کے رشتے کے جذباتی و عاطفی پہلو۔

ج) شعبہ اشعار کے اصول و ضوابط

  • شعرائے کرام مذکورہ چاروں حصوں میں تمام اصناف شاعری کے ساتھ شرکت فرما سکتے ہیں۔
  • شعراء کرام تمام حصوں میں شرکت کر سکتے ہیں اور ہر حصے میں زیادہ سے زیادہ ۵ کلام پیش کر سکتےہیں۔
  • اشعار ایمیل یا واٹس اپ پر ارسال کرنا ہوں گے اور پھر فیسٹیول کے دفتر سے اس کے وصول ہونے کی تصدیق بھی کرنا ہوگی۔

سوم) شعبہ تحریر

الف) شعبہ تحریر کے حصے

شعبہ تحریر دو حصوں پر مشتمل ہے:

۱۔ مقالہ ۲۔ کتاب

ب) شعبہ تحریر کے موضوعات

  • غیر مسلموں کے لئے امام حسین علیہ السلام اور قیام کربلا کے تعارف کی کیفیت۔
  • غیر شیعہ مسلمانوں کے لئے قرآنی تعلیمات اور سیرت النبیﷺ کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام اور قیام کربلا کے تعارف کی کیفیت۔
  • ظلم کی مخالفت اور عدل و انصاف کی خاطر عالمی تحریکوں نیز ادیان الہی کے رہبروں اور پیرؤوں کا انقلاب امام حسین علیہ السلام سے اخلاقی اور معنوی تعلق ۔
  • ماضی کی ظلم مخالف غیر شیعی تحریکوں میں، قیام امام حسین علیہ السلام کو نمونہ عمل قرار دئے جانے کے جہات اور ان کی وضاحت۔
  • ادیان الہی اور مکاتب بشری کے روحانی و سیاسی رہنماؤں کے ذریعہ امام حسین علیہ السلام کی تاسی کے مثبت پہلؤوں کی وضاحت۔
  • غیر مسلموں اور غیر شیعہ مسلمانوں کے لئے امام حسین علیہ السلام اور تحریک کربلا کو متعارف کرانے کے "کامیاب تجربات "کا بیان۔
  • روایتی اور جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعہ امام حسین علیہ السلام کے تعارف اور عاشورا کی اخلاقی تعلیمات کی ترویج میں تبلیغی، علمی، ثقافتی ضرورتیں اور ممانعتیں۔
  • مغربی دنیا میں عاشورائی تہذیب و ثقافت اور اقدار و تعلیمات کی زیادہ سے زیادہ تبلیغ و ترویج کی راہیں۔

ج) شعبہ تحریر کے اصول و ضوابط

  • اس فیسٹیول میں مصنفین و مفکرین شریک ہو سکتے ہیں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی دین و مذہب اور قوم و ملت سے ہو۔
  • مقالات پہلے کہیں شائع نہ ہوئے ہوں۔
  • کتابیں ۲۰۲۳ عیسوی سے قبل شائع نہ ہوئی ہوں۔
  • مکمل مقالہ - بشمول خلاصہ، متن، نتیجہ اور مصادر - کم سے کم ۳۰۰۰ اور زیادہ سے زیادہ ۸۰۰۰ الفاظ پر مشتمل ہونا چاہئے۔
  • کتاب کم سے کم ۱۴۰۰۰ ،الفاظ پر مشتمل ہونا چاہئے۔
  • مقالات و کتب WORD فارمیٹ میں 14 فونٹ سائز پر ٹائپ شدہ ہوں اور صفحات نمبر بھی مندرج ہوں۔

چہارم) شعبہ سوشل میڈیا

الف) شعبہ سوشل میڈیا کے حصے

شعبہ سوشل میڈیا تین حصوں پر مشتمل ہے:

۱۔ موشن گرافیکس ۲۔ پوڈکاسٹ ۳۔ ترانے، ویڈیو کلپ

ب) شعبہ سوشل میڈیا کے موضوعات

  • عمومی موضوعات ۔ ۔۔۔۔۔۔۔ ملاحظہ فرمائیں

ج) شعبہ سوشل میڈیا کے اصول و ضوابط

  • فیسٹیول میں شامل ہونےوالی تخلیقات میں فیسٹیول کے موضوعات کا صراحت کے ساتھ لحاظ کیا جانا چاہئے۔
  • زبان کی کوئی پابندی نہیں ہے، دنیا کی کسی بھی زندہ زبان میں اپنی کاوش ارسال کی جا سکتی ہے۔
  • ہر کاوش کو الگ CD یا DVD میں ارسال کیا جائے۔

پنجم) شعبہ "نادر افکار "

  • "نادر افکار اور آئیڈیا" کا شعبہ، مختلف شعبوں کے ماہرین اور فنکاروں کے لئے ایک خاص موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی نادر فکر اور خاص آئیڈیا کسی بھی قابل نشر صورت میں پیش کریں۔ نادر افکار کا یہ شعبہ، بصری، تصنیفی، دستکاری، ماڈرن فنون اور روایتی آرٹ ، پرفارمنگ آرٹس، ڈیجیٹل ورک وغیرہ جیسے وسیع میدانوں پر مشتمل ہے۔ لہذا ان تمام میدانوں میں فعال فنکار شریک ہو سکتے ہیں اور ان کی کاوشوں اور تخلیقات کیلئے کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔
  • واضح رہے کہ اس فیسٹیول کے دفتر کی توقع یہ ہے کہ اس شعبہ سے متعلق کاوشیں اپنے میدان کے رائج اسلوب سے الگ ہوں اور ان میں جدت ، ندرت اور انفرادیت پائی جاتی ہو۔
  • لازم الذکر ہے کہ کسی کاوش کے سلسلہ میں اگر مشورہ درکار ہو تو فیسٹیول دفترِ اور اور اس فیسٹیول سے تعلق رکھنے والے ماہرین فن سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

ب)شعبہ "نادر افکار" کے موضوعات

  • "عمومی موضوعات" ملاحظہ فرمائیں۔

ج) شعبہ "نادر افکار" کے اصول و قوانین

  • تقریب میں شامل ہونےوالی تمام تخلیقات میں فیسٹیول کے موضوعات کو صراحت کے ساتھ بیان کیا جانا چاہئے۔
  • اگر آثار میں موسیقی کا استعمال کیا جا رہا ہے تو شرعی احکام و قوانین کا پاس و لحاظ رکھنا لازمی ہے۔ مخالفت کی صورت میں نگراں کمیٹی ان آثار کو قضاوت کے مرحلہ سے خارج کر سکتی ہے۔
  • جو بصری آثار اور پرفارمنگ آرٹس ججز کے فیصلے کے مرحلہ تک پہنچیں گی، ان کی شوٹنگ کے مناظر اور بیک گراؤنڈ کی تصاویر اور ویڈیوزبھیجنا لازمی ہے۔
  • پرفارمنگ آرٹس سے متعلق جو کاوشیں ججز کے آخری فیصلے کے مرحلے تک پہنچیں گی، ان پر ججز کی منتخب کمیٹی یا ان کے نمائندے کے ذریعہ نظر ثانی کی جائے گی۔
  • منتخب پرفارمنگ آرٹس، ناظر کمیٹی کی صوابدید اور فیسٹیول کی ضرورت کے مطابق، اختتامیہ جلسہ میں پیش کی جائیں گی۔
  • جو کاوشیں اکابر فن کے آثار سے اقتباس شدہ ہوں گی انہیں منبع و مصدر کے ذکر کے ساتھ پیش کرنا لازمی ہے۔
  • تمام شرکاء کی خدمت میں ، فیسٹیول میں شرکت کی سند پیش کی جائے گی۔

عام قوانین

  • فیسٹیول کے پانچوں حصوں میں دنیا بھر کے فنکاروں، مصنفین، فلم ساز، پروڈیوسر، عہدیداروں اور شخصیات کی شرکت بلا مانع ہے۔
  • نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اہل بیت علیہم السلام، خلفائے ثلاثہ اور ازواج رسول کا چہرہ دکھانے کی اجازت نہیں ہے۔
  • تمام آثار میں اسلامی اتحاد کی رعایت اور ادیان و مذاہب کے مقدسات و علامات کی توہین سے پرہیز لازمی ہے۔
  • کسی دیگر مقابلہ میں شرکت اور انعام کا حصول، اِس فیسٹیول میں شرکت سے مانع نہیں ہے۔
  • فیسٹیول میں شرکت کا فارم بھرنا اور اس پر دستخط کرنا لازمی اور اس کے تمام قوانین کو تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا۔
  • ایمیل اور پوسٹ دونوں ہی طریقوں سے رجسٹریشن کرایا جا سکتا ہے اور فارم بھی ارسال کیا جا سکتا ہے۔
  • فیسٹیول کے فارم پر دستخط کرنے والا ہی اس کاوش کا مالک مانا جائے گا۔
  • اگر کاوش متعدد لوگوں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہو تو کسی ایک فردکو صاحبان اثر کے نمائندے کے عنوان سے متعین کیا جائے اور کامیاب ہونے کی صورت میں انعام کسی ایک کی خدمت میں ہی پیش کیا جائے گا۔
  • موصولہ آثار کے نسخے واپس نہیں کئے جائیں گے،خواہ وہ فلم کی صورت میں ہوں یا اسکرین پلے یا مقالہ وغیرہ کی صورت میں۔
  • "بین الاقوامی عاشورا فاونڈیشن" اور "ولایت ٹی وی" کو موصولہ کاوشوں سے استفادہ کا مکمل حق حاصل ہے۔
  • ان کاوشوں کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کے لئے یہ فیسٹیول ان کے ترجمے اور مختلف ذرائع ابلاغ پر ان کی نشر و اشاعت کے لئے مجاز ہوگا۔
  • یہ فیسٹیول ، موضوع کے انتخاب، آئیڈیا اور دینی و مذہبی شبہات کے جوابات کے سلسلہ میں خواہشمند افراد اور فلم پروڈیوسروں کی مدد کرے گا۔
  • رجسٹریشن فارم فل کرنا ضروری ہے۔

رجسٹریشن فارم بھرنے کے لئے کلیک کیجئے

انعامات

ہر شعبہ میں پہلا مقام حاصل کرنے والے شرکاء کو اختتامی اجلاس میں شرکت کے لئے ایران کے سفر اورقیام و طعام کا خرچ دیا جائے گا۔

۹۰ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ۵ شرکاء کو زیارت کربلائے معلّٰی یاعمرہ مفردہ کا خرچ دیا جائے گا۔

۸۰ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ۵ شرکاء کی خدمت میں ۳۰-۳۰ ، ہزار روپئے پیش کئے جائیں گے۔

۷۰ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ۵ شرکاء کی خدمت میں ۲۰-۲۰ ہزار روپئے پیش کئے جائیں گے۔

۶۰ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ۵۰ شرکاء کو نفیس انعامات سے نوازا جائے گا۔

نوٹ: انعام کے حقدار خوش نصیب افراد کا انتخاب ،موصولہ تخلیقات اور کاوشوں کی نوعیت و کیفیت کو مدنظر رکھتے ہوئےکیا جائے گا۔ جج حضرات کا فیصلہ ہی آخری فیصلہ ہوگا۔

آثار و تخلیقات ارسال کرنے کی آخری تاریخ

20/10/2023

ایمیل: ihpfestival@gmail.com

موبایل:00918528029310

واٹس اپ اور ٹلگرام:00918528029310

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .