۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
آستان قدس رضوی

حوزہ/ امام رضا (ع) یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس کے دوران آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا کہ امام رضا(ع) اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے قیام کا اہم ترین مقصد اسلامی تعلیمات پر مبنی معیاری تعلیم کا اعلی نمونہ پیش کرنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی  کا  ہفتے کو  امام رضا(ع) یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ساتھ اجلاس ہوا جس میں وزارت اعلی تعلیم اور وزارت صحت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ یہ اجلاس امام رضا علیہ السلا م کے حرم مطہر کے ولایت ہال میں منعقد ہوا ،  اجلاس  کو خطاب کرتے ہوئے۔

آستان قدس  رضوی کے متولی نے کہا کہ یہاں سوال یہ اٹھتا  ہے کہ   امام رضا(ع) اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی تأسیس کا ہدف و مقصد کیا ہے؟ اس سوال کا خود جواب دیتے ہوئے۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی تأسیس کے حوالے سے آستان قدس رضوی کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے،اس مقدس آستانہ کی  بنیا دی    ذمہ داری یونیورسٹیاں  یا اسکول قائم کرنا نہيں ہے بلکہ اس  کی ذمہ داری زائر اور زیارت  کے امور پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ   اہلبیت اطہار  علیہم السلام کی تعلیمات کی ترویج و تبلیغ ہے لیکن  ہاں اگر آستان قدس رضوی اسکول اور یونیورسٹی قائم کرتا ہے تو اس کا مقصد اسلامی  تعلیمات پر مبنی معیاری تعلیم کا اعلی نمونہ پیش کرنا ہے تاکہ یہ اسکول اور یونیورسٹی دیگر علمی مراکز کے لئے رول ماڈل بن سکے    

انہوں نے کہا کہ امام رضا(ع) یونیورسٹی ؛ عالم آل محمد(ص) سے منسوب ہے اس لئے اس یونیورسٹی کو علمی میدان میں بھی اس انتساب سے مماثلت رکھنی چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں یونیورسٹیوں اور تعلیمی مراکز کی تعداد کم نہيں ہے اس لئے امام رضا(ع) یونیورسٹی  کو کمیت کے بجائے کیفیت اور معیار پر توجہ دینی چاہئے اور اس میں ہر حوالے سے اسے اعلیٰ درجہ پر فائزہونا چاہئے۔

آستان قدس رضوی کے متولی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امام رضا(ع) یونیورسٹی کے عہدیداروں اور متعلقہ ذمہ داروں کو چاہئے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے ایک واضح نظام الاوقات کے تحت  یونیورسٹی کو ملک کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کی سطح تک لے جائیں  اس مقصد کے حصول کے لئے آستان قدس رضوی کے پاس جتنے بھی وسائل و ذرائع ہيں وہ  ان کو بروئے کار لانے کو تیار ہے۔   

انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں کمیت  کے بجائے کیفیت پر  توجہ کو پیش نظر رکھا گیا ہے تاکہ مفید اور کارآمد افرادی قوت کی تربیت کرکے ملک اور علاقے کے لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس یونیورسٹی کا مقصد یہ  ہونا چاہئے کہ وہ  ایسے ماہر اساتذہ کی تربیت کرے جو علمی  معنوی اور ثقافتی میدانوں میں ملک اور علاقے  میں موثر واقع ہوں۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ امام رضا(ع) یونیورسٹی کی یہ خصوصیت ہے کہ وہ عالم آل محمد(ص) کے نام سے مزیّن اور منسوب  ہے، انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا اس مقدس آستانہ سے منسوب ہونا یونیورسٹی کا قیمتی اثاثہ ہے اور اسی وجہ سے دیگر یونیورسٹیوں کےدرمیان اس کو خاص اہمیت حاصل ہے بنابریں اس نام اور آستان قدس کے وسائل و ذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے جیسا کہ اس یونیورسٹی کے شایان شان  ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .