حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کی اس تاکید اور ہدایت کے بعد کہ حرم مطہر رضوی میں زائرین کے لئے مذہبی کتابوں کے مطالعہ کو رواج دیا جائے اوراماکن متبرکہ رضوی میں کتب بینی کے مراکز میں توسیع کی جائے۔ حرم مطہر رضوی کے رواقوں میں تین جگہوں پر زائرین و مجاورین کے مطالعہ اور کتاب پڑھنے کے مراکز بنائے گئے ہیں یہ کام حرم امام رضا علیہ السلام کے ٹیکنیکل اور نگہداشت کے ادارے کے تعاون سے انجام پایا ہے ۔
کتب بینی کا پہلا مرکز گذشتہ سال دسمبر کے مہینے میں رواق نجمہ خاتون میں بنایا گیا جس کے بعد کتاب کے مطالعہ کے دوسرے مرکز کا افتتاح حرم مطہر کے رواق دارالعبادہ میں دس مئی کو کیا گیا،آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی نے ان جگہوں کو ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد دینی،عقیدتی اور بچوں اور نوجوانوں کی کتب سے آراستہ کیا ہے اور اب کتابوں کے مطالعے کے تیسرے مرکز کا افتتاح رواق امام خمینیؒ میں کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ صحن قدس میں واقع رواق کتاب کو بھی کتابوں کے مطالعہ کے لئے مخصوص کیا گیا ہے جس میں ہر روز مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے جیسے کتاب منبر،معرفتی نشستیں،بچوں کے لئے قصہ خوانی ،نئی کتب کی تقریب رونمائي،ان کا تعارف،مطالعہ اور مؤلفین کتاب کے دستخط وغیرہ شامل ہیں جن میں زائرین و مجاورین کے علاوہ کتابوں کے مصنفین اور مولفین اور کتاب میں دلچسپی رکھنے والوں کو خیر مقدم کہا جاتا ہے۔