حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ثقافتی اور مذہبی ماہر حجت الاسلام والمسلمین محمد سعیدی آریا نے قم میں امام خمینی (رہ) ثقافتی کمپلیکس کے مقام پر منعقدہ حوزوی تحقیقی مراکز (مشکات) کی علمی کامیابیوں اور کتب کی نمائش کے دورے کے دوران حوزہ علمیہ کے ورچوئل اسپیس بوتھ اور میڈیا سینٹر کا مشاہدہ کیا اور اس مرکز کے پروگرامز اور سرگرمیوں کے بارے میں جاننے کے علاوہ انہوں نے حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر سے گفتگو بھی کی۔
انہوں نے کہا: اس قسم کی کتب کی نمائش انسان کو کتاب کی حقیقت، انتشارات اور ثقافتی پروڈکٹس سے بہتر آشنائی کا باعث بنتی ہے۔
حجت الاسلام سعیدی آریا نے مزید کہا: یہ نمائش ایک طرف ناشر کے لیے تازہ منتشر شدہ کتب پیش کرنے کا سبب بنتی ہے تو دوسری طرف کتب کا شغف رکھنے والے افراد کے لیے جدید ثقافتی مصنوعات اور کتابوں سے آشنا ہونے کا ذریعہ بنتی ہے۔
انہوں نے کہا: میری نظر میں کتابوں پر پیسہ خرچ کرنا کسی بیماری سے بچنے کے لیے ویکسین لینے کے مترادف ہے۔ معاشرہ کو مختلف قسم کے مسائل سے بچانے کے لیے کتابوں پر خرچ کرنا بہت ضروری ہے۔
اس ثقافتی اور مذہبی ماہر نے کہا: کتاب مذہبی ثقافت کو رائج کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: نمائش میں شرکت کا ایک بڑا فائدہ مصنفین اور کتاب کے ناشرین کے ساتھ براہ راست بات چیت کا موقع پیش کرنا ہے، جس سے قارئین ان کتابوں کے بارے میں مزید تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔