۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
IMG-20220217-WA0025.jpg

حوزہ/المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی  شعبۂ فقہ و اصول کا پہلا علمی مجلہ "گام دوم انقلاب" کے عنوان سے شائع ہوگیا اس موقع پر اس علمی مجلے کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع طلاب شگر کی جانب سے علمی مجلّہ ''راہ استنباط'' کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی اور مجلہ کے حوالے سے مختلف علماء نے تاثرات کا اظہار کیا۔

مولانا محمد اصغرکاملی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مکتبِ اسلام کی اشاعت کا ایک ذریعہ علمی مجلات ہیں، اسی لئے اس مجلے کو علمی معیارات کے مطابق شائع کرنے کی کوشش کی ہے اور اس وقت اردو زبان میں فقہ، قرآن، حدیث، اور تاریخ سمیت دیگر شعبوں میں بھی علمی مجلات کی اشد ضرورت ہے۔

مجلے کے چیف ایڈیٹر مولانا سکندر علی بہشتی نے المصطفی ٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبۂ فقہ و اصول کی جانب سے اردو زبان میں اس مجلے کی اشاعت کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی شرائط اور ضوابط پر تفصیلی گفتگو کی۔

حجۃ الاسلام ڈاکٹر فرمان سعیدی نے تحقیق کی جانب طلاب کی عدم دلچسپی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے راہ استباط مجلے کی اشاعت کو اردو زبان میں علمی و اسلامی تحقیق کی راہ میں انتہائی اہمیت کے حامل قرار دیا اور مجلے کے شمارۂ اول کو گام دوم انقلاب سے مخصوص کرنے کو اس مجلے کی انفرادی خصوصیت کے طور پر ذکر کیا۔

استاد حوزہ حجۃ الاسلام شیخ فدا علی حلیمی نے امیر المؤمنین علیہ السلام کے فرمان زکاۃ العلم نشرہ کے ذیل میں کہا کہ علماء کی بقاء کا راز قلم ہے،اس راہ میں مشکلات ہیں، جن میں سے ایک انتخاب موضوع ہے ایسے موضوعات پر مقالات و تحقیقات پیش کریں جو فکری، علمی اور علمی مشکلات کا حل پیش کرسکیں اور مفید اور مؤثر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری مشکل اہل قلم اور اہل فکر کی کمی ہے، جس کے لئے کوشش کر کے معیاری اور مستند اہل قلم سے استفادہ کرنا لازمی ہے۔

صدر محفل، محقق ارجمند ڈاکٹر یعقوب بشوی نے اپنے مفید کلمات میں علمی تخصصی راہ استنباط مجلے کو حوزہ علمیہ میں نئی تخلیق قرار دیا اور مجمع طلاب شگر کے اراکین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مبتکر، خط شکن اور تخلیقی کام ہمیشہ نئی راہ خود بناتا ہے۔انقلاب اسلامی جیسی عظیم نعمت کے باوجود قلمی اعتبار سے قابل قدر تحقیقات نہیں ہوئیں۔ دنیا علم و تحقیق کی متلاشی ہے اور اگر معیاری تحقیق پیش ہو تو تشنگان کی کمی نہیں۔

ڈاکٹر بشوی نے اس مجلے کی پہلی اشاعت کو گام دوم انقلاب کے ساتھ مختص کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب ایک الہی شخصیت ہیں اور انقلاب کی کشتی کا ناخدا ہیں، نجات کی راہ رہبری کا راستہ اور رہبر کی صدا پر لبیک کہنا ہے، جس کا بہترین طریقہ گام دوم کا مطالعہ اور اس پر عمل ہے۔

ڈاکٹر بشوی نے مجلے کے حوالے سے اپنی تجاویز میں کہا کہ پہلا مشورہ یہ ہے کہ اس میں ملکی و بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھیں، دوسرا یہ کہ ضوابط کی رعایت کریں علمی و تحقیقی عمل میں معیار سب پر فوقیت رکھتا ہے۔ ہم اس علمی کام میں ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ یہ سلسلہ ایک نیک کام کی بنیاد بنے اور یہ سلسلہ مزید جاری وساری رہے۔

مجمع طلاب شگر کی جانب سے علمی مجلّہ ''راہ استنباط'' کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .