حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شمالی کشمیر/ مولود کعبہ مولائے کائنات حضرت امام علی المرتضیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ریشی یورہ ہانجی ویرہ میں معاون کمیٹی تنظیم المکاتب زون بارہمولہ کی طرف ایک روح پرور محفلِ کا انعقاد کیا گیا جسمیں مومنین کی کثیر تعداد کے علاوہ علماء کرام نے مولا علی علیہ السلام کو گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، کے بعد نعت رسولِ مقبولؐ، منقبت اور مداح سرائی کی گئی۔ روح پرور محفل میں معمار تنظیم المکاتب و امام جمعہ ہانجی ویرہ پٹن مولانا غلام حسین جعفری انسپکٹر تنظیم المکاتب مولانا غلام حسن جو بالہامی مسئول تنظیم المکاتب میر تفضل حسین نے مولائے کائنات کی سیرت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا امیر المومنین حضرت علی(ع) اسلامی تاریخ کی وہ درخشاں ہستی ہیں کہ جن کا کردار ہر اعتبار سے نمایاں اور ممتاز رہا ہے۔ آپ اس دنیا میں تشریف لائے تو کعبہ مولود کعبہ کہلائے۔ سب سے پہلے جس ہستی کو دیکھا وہ رسالت مآب (ص) ہی تھے۔آپ (ص) کے سایہ عاطفت میں ہی گھٹنوں کے بل چلے اور آغوشِ رسالت میں نشوونما پا کر بالآخر میدان جہاد کے شہسوار بن گئے۔
مولودِ کعبہ نے کائنات کی ہرشی کو اسلام کی ہی روشنی میں دیکھا۔ درسگاہِ نبوی میں تعلیم و تربیت پائی۔ معلم انسانیت جیسا معلم و مربی ملا۔ رہنے کو نبوت کا گھرانہ اور بود و باش کے لئے سرزمینِ وحی ملی۔ قرآنی آیات کی شانِ نزول کے چشم دید گواہ بنے۔اسکے علاو مکتب امامیہ تنظیم المکاتب یکمن پورہ زون بارہمولہ میں بھی جسمیں بچوں نے یوم جشن مولود کعبہ پر تعلیمی مظاہرے کئے۔
دریں اثناء مکتب امامیہ تنظیم المکاتب سلطان پورہ پٹن کی طرف سے امام خمینیؒ جامع مسجد میں جشن مولود کعبہ و انقلاب اسلامی کی کامیابی پر منتظم مکتب امامیہ عاشق حسین ڈار صاحب کی نظامت میں ایک ولولہ انگیز شبینہ محفل کا انعقاد ہوا۔
پروگرام کا آغاز حسبِ معمول تلاوت کلام پاک، نعت شریف اور ترانے سے ہوا پروگرم میں مدعو مہمان مولانا غلام حسین جعفری صاحب نے مولائے کائنات اور یوم انقلابِ اسلامی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال کر مومنین کو مستفید کیا۔