۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
دینی تعلیمی کانفرنس

حوزہ/ رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب کا یہ کہنا تھا کہ دین کا کام توفیق الہی ہے ہر ایک کے لئے ممکن نہیں کہ دین کا کام کرے بلکہ اللہ کی جس پر عنایت ہوتی ہے وہی یہ کام کر سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کانپور/ ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام مومنین کانپور کی جانب سے شہر کانپور میں سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد کی گئی۔ روز جمعہ 5 نومبر کو شام سات بجے کملا گیسٹ ہاوس میں دوسرا جلسہ منعقد ہوا۔ 

تصویری جھلکیاں: ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام کانپور میں سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس (۲)

مولانا سید صفدر عباس صاحب فاضل جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے جلسہ کا آغاز کیا۔بعدہ مولانا سید کیفی سجاد صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب نے نعت پاک پڑھی۔ 

مکتب امامیہ بالی پور کانپور دیہات، مکتب امامیہ جعفریہ جعفرآباد جلالپور، مکتب امامیہ مہدیہ عثمان پور جلالپور، مکتب امامیہ مرزا پور فتح پور، مکتب امامیہ کریم پور جلالپور، مکتب امامیہ عباس باغ لکھنو کے طلاب و طالبات نے تعلیمی مظاہرے پیش کیا۔  شعرائے کرام جناب تاج کانپوری اور مائل چندولوی نے بارگاہ اہلبیت علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ 

مولانا منظر علی عارفی صاحب قبلہ استاد جامعہ امامیہ نے امام حسین علیہ السلام کی حدیث "جو تم سے محبت کرے گا وہ تم پر تنقید کرے گا (برائی سے روکے گا) اور جو تم سے دشمنی کرے گا وہ تمہاری تعریف کرے گا۔ (برائی سے نہیں روکے گا)" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ جو بھی آپ کو برائی سے روکے اور دین کی طرف بلائے وہ آپ کا اپنا ہے۔ دین کو علماء سے حاصل کریں۔ جب ہم دین کو علماء سے لیں گے، مراجع کرام سے لیں گے تو اصل دین ملے گا۔ 

مولانا سید صبیح الحسین صاحب رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک دعا کا فقرہ "خدایا! مجھکو ان لوگوں میں قرار دے جن سے تو اپنے دین کی مدد لیتا ہے اور میرے غیر کو میرا بدل قرار نہ دینا۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا نہ جانے کس خلوص سے بانی تنظیم مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ نے دعا کی تھی کہ آج تک ادارہ تنظیم المکاتب کا کوئی بدل نہ ہو سکا۔ تنظیم المکاتب کا چاہے تعلیمی نظام ہو یا تربیتی سب اپنی مثال آپ ہے۔ ہمیں مجمع کی قلت و کثرت کی فکر نہیں ہونی چاہئیے بلکہ دیکھیں کہ نسلوں میں اثر کتنا ہے۔ 

مولانا سید صبیح الحسین صاحب نے فرمایا: دین کا کام توفیق الہی ہے ہر ایک کے لئے ممکن نہیں کہ دین کا کام کرے بلکہ اللہ کی جس پر عنایت ہوتی ہے وہی یہ کام کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کانپور میں ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس

مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب نے فرمایا: قوم کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ادارہ تنظیم المکاتب نے امامیہ اسٹڈی سینٹرس کو قائم کیا۔ امامیہ اسٹڈی سینٹر یعنی کوچنگ جسمیں اسکول میں پڑھنے والے بچوں کو ذی استعداد اساتذہ کے ذریعہ ہوم ورک کرایا جاتا ہے، جن مضامین میں بچہ کمزور ہوتا ہے اسمیں محنت کرائی جاتی ہے اور ساتھ میں دینی تعلیم بھی دی جاتی ہے تا کہ مستقبل میں بچہ کمپٹیشن میں کامیاب ہو اور اس کا مستقبل روشن ہو۔ 

آخر میں مولانا سید نقی عسکری صاحب رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب نے مجلس عزا کو خطاب فرمایا۔ مولانا نے امیرالمومنین علیہ السلام کے خطبہ متقین کے فقرے "اہل تقویٰ با فضیلت ہیں اور انکی گفتار ہمیشہ درست ہوتی ہے" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے متقین کے صفات بیان کئے  اور ادارہ تنظیم المکاتب کی خدمات پر روشنی ڈالی۔  جلسہ میں نظامت کے فرائض مولانا اعجاز حسین صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب نے انجام دئیے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .