حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ کی قیادت میں مغربی یوپی، ہریانہ اور کشمیر کے بعد تنظیم المکاتب کا کاروان تبلیغ صوبہ بہار پہنچا ۔ جہاں مومنین کی مختلف بستیوں میں دینی تعلیمی جلسات اور مجالس عزا منعقد ہورہی ہیں۔
اسی سلسلہ میں ۸؍ دسمبر بروز منگل مندرا پالی ضلع سیوان بہار میں دینی تعلیمی جلسہ اور مجلس عزا منعقد ہوئی ۔ جسمیں اولا مولانا سید نقی عسکری صاحب قبلہ نے تقریر کرتے ہوئے ادارہ تنظیم المکاتب کی خدمات کو بیان کیا اور تنظیم المکاتب کی جدید خدمات ’’ای مکتب‘‘ ، ’’امامیہ اسٹڈی سینٹر‘‘ وغیرہ کا تعارف کرایا۔ بعدہ مولانا سید کیفی سجاد صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب نے بارگاہ معصومینؑ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا اور مولانا سید شوکت عباس نقوی صاحب قبلہ نے رسول اللہﷺ کی مشہور حدیث ’’علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے‘‘ کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے مجلس عزا کو خطاب فرمایا ۔
آخر میں منعقد نشست میں سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ نے مومنین سے گفتگو کی اور دینی تعلیم کے سلسلہ میں درپیش مشکلات اور اس کے راہ حل نیز دینی تعلیم میں ترقی کے سلسلہ میں نصیحتیں اور مفید مشورے دئیے۔
جلسہ میں نظامت کے فرائض مولانا اعجاز حسین صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب نے انجام دئیے۔