۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مدرسہ علمیہ امام القائم (عج) قم

حوزہ/ مدرسہ علمیہ امام القائم (عج) قم کے طلاب، اساتذہ اور مسئولین کی جانب سے مولانا ڈاکٹر کلب صادق، علامہ قاضی نیاز نقوی اور ایرانی سائنسداں فخری زادہ کو خراج عقیدت و ایصال ثواب کیلۓ تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شریف و روشن فکر اور بیدار قوم اپنے محسن علماء کو مرنے کے بعد بھی ہمیشہ یاد رکھتی ہے اور قید حیات کی طرح مرنے کے بعد بھی ان کے بابرکت تذکرہ اور یاد سے فیضیاب ہوتی رہتی ہے ، لئن شکرتم لازیدنکم۔

محسن قوم ، فخر ملت ، حکیم امت ، عالم باعمل ،عصری تعلیم کے حامی ، عظیم مفکر و مدبر ، خطیب اعلی اور اتحاد بین المسلمین ٹرست کے بانی جن کی پوری زندگی قوم و مذہب کی فلاح و بہبودگی میں گزر گئی اب وہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید کلب صادق اعلی اللہ مقامہ ہمارے درمیان نہیں رہے، یہ ایک ایسا خلاء ہے جسے پر کرنا قوم کے لئے آسان نہیں ہوگا، مرحوم سے چند روز قبل ادھر پاکستان کی سرزمین سے ایک اور علمی ستارہ غروب ہو گیا اور قوم و مذہب کے خدمت گزار ، تعلیم و تربیت کی روح رواں ، طلاب کے مخلص و دلسوز، بانی مدرسہ جامعہ المنتظر (عج) قم حجت الاسلام والمسلمین سید قاضی نیاز علی اللہ مقامہ نے داعی اجل کو لبیک کہہ دیا ، قوم سوگ میں ڈوبی ہوئی ماتم زدہ تھی کہ دشمن اسلام نے ایک عظیم دانشور جناب محسن فخری زادہ کو ایران میں حملہ سے شھید کرکے اپنی اسلام دشمنی اور ظلم و بربریت کا ثبوت دیا ۔ مرحومین کو خراج عقیدت اور ایصال ثواب کی غرض سے مدرسہ علمیہ امام القائم (عج) کے ذمہ داران حضرات نے اس عظیم سانحہ پر رنج و غم کے ساتھ  مدرسہ میں 30 نومبر ، بروز پیر ، صبح دس بجے ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا جس میں قم کے بزرگ علماء و افاضل ،اساتید اور طلاب ہندوستان و پاکستان  نے شرکت فرماکر خراج عقیدت پیش کیا ۔  

تفصیلات کے مطابق، اس جلسہ کا آغاز مولانا بابر صاحب نے تلاوت قرآن مجید سے کیا اور دیگر حاضرین نے بھی قرآن کی تلاوت کی۔ شاعر اہل بیت علیھم السلام جناب حجت الاسلام و المسلمین استاد ظہور مہدی مولائی صاحب نے بہترین اشعار کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کیا۔

اس جلسہ میں حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد حسن صاحب قبلہ پرنسپل مدرسہ امام المنتظر(عج) نے اپنے والد علام مرحوم حجت الاسلام و المسلمین قاضی نیازحسین اعلی اللہ مقامہ کی شخصیت اور خدمات پر روشنی ڈالی، حجت الاسلام و المسلمین مولانا محمد میاں صاحب نے حکیم امت ڈاکٹر کلب صادق اعلی اللہ مقامہ کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی اور حجت الاسلام و المسلمین جناب محمد بکائی  افاضل جامعہ المصطفی (ص) العالمیہ کے ناظم امور نے عظیم دانشور شہید محسن فخری زادہ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

اس جلسہ کی نظامت مدرسہ کی علمی کمیٹی کے رئیس ، استاد حجت الاسلام والمسلمین جناب سید علی ضیغم زیدی صاحب نے کی اور اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا ۔ 

اس جلسہ کا اختتام تمام مرحومین کے لئے سورہ فاتحہ کی تلاوت کے ساتھ ہوا، تواب الرحیم،خدائے کریم سے دعا ہے تمام مرحومین خاص کرجن کے لئے اس نشست کا انعقاد کیا گیا انہیں جوار معصومین علیہم السلام میں جگہ عنایت فرمائے اور مرحومین کے عزیز و اقارب  کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
شریک غم : طلاب،اساتذہ اور مسئولین مدرسہ علمیہ امام القائم (عج) قم ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .