حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کانپور/ ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام مومنین کانپور کی جانب سے 5، 6، 7 نومبر کو سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس منعقد کی گئی۔
تصویری جھلکیاں: ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر اہتمام کانپور میں سہ روزہ دینی تعلیمی کانفرنس
آج روز جمعہ 5 نومبر کو جسکی پہلی نشست کملا گیسٹ ہاوس میں دن میں 2 بجے منعقد ہوئی جس کا آغاز مولوی سید میثم رضا موسوی متعلم جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔
مکتب امامیہ نندورہ کوشامبی، مکتب امامیہ امجدیہ اور مکتب امامیہ مچھریہ آواس وکاس کانپور کی طالبات نے تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔
شعرائے کرام مولانا قائم رضا مبارکپوری مبلغ جامعہ امامیہ، جناب مائل چندولوی اور جناب ضمیر بھوپت پوری نے دینی اور تعلیمی بیداری نظمیں پیش کیں اور بارگاہ اہلبیت علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
مولانا سید حیدر عباس رضوی صاحب مبلغ جامعہ امامیہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حدیث "باپ پر اولاد کا حق ہے کہ اسکا نیک نام رکھے، تعلیم دے اور بلوغ کے بعد شادی کرائے۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے تربیت اولاد پر تقریر کی۔
آخر میں مولانا سید ذوالفقار حیدر صاحب اعظمی نے مجلس عزا کو خطاب فرمایا۔ مولانا نے سوره بنی اسرائیل کی تیئسویں آیت "اور تمہارے رب نے حکم فرمایا کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے مکاتب امامیہ کی طالبات کے تعلیمی مظاہرے کو سراہا اور انکے والدین اور مدرسین کی تعریف فرمائی۔
مولانا سید ذوالفقار حیدر صاحب نے فرمایا: اگر رزق حلال ہو گا تو دین پر عمل ہو گا، حلال و حرام کا خیال رہے گا لیکن اگر پیٹ مال حرام سے بھرا ہو گا تو دین پر عمل ممکن نہیں حتیٰ امام حسین علیہ السلام جیسے معصوم امام کی بھی باتیں سمجھ میں نہیں آئیں گی۔