حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار سے آیت اللہ محسن فقیہی نے رحلت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی شہادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: میں اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے مبعوث بہ رسالت ہوا ہوں۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فرمان سے معلوم ہوتا ہے کہ سیرت نبویؐ میں اچھے اخلاق کی ترویج کی اہمیت کس قدر زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اگر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی طرف توجہ کریں تو ان میں تعلیم اور تزکیہ نفس بہت نمایاں ہیں۔ البتہ قرآن کریم کی نورانی آیات کی روشنی میں تزکیہ نفس اور مکارم اخلاق، تعلیم پر مقدم ہیں۔
دینی علوم کے نامور استاد نے کہا: قرآن کریم نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عظیم اخلاق کا مالک قرار دیا ہے۔ ضرورت ا س امر کی ہے کہ ہم جو اپنے آپ کو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کی اہل بیت علیہم السلام کا پیروکارقرار دیتے ہیں تو ہماری زندگیوں میں بھی پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے عظیم خاندان کے اخلاق کی جھلک نظر آنی چاہیے۔
آیت اللہ فقیہی نے کہا: اگر ہم نے اپنی فردی اور اجتماعی زندگیوں میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اہل بیت کو اپنایا تو ہم دنیا اور آخرت کی سعادت حاصل کر سکتے ہیں اور اس طرح ہماری بہت ساری مشکلات دور ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا: رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام بشریت کے لیے کامل نمونہ ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ پیٖغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کر کے اس پر عمل کریں تاکہ ہمارا معاشرہ خوش بختی اور سعادت کے راستے پر گامزن ہو کر نیک انجام تک پہنچے۔