لکھنو۔ حالیہ دور میں ہمارے پر امن ملک کا بھائی چارہ ختم کرنے اور تشدد کا ماحول بنانے کے لئے قرآن مجید اور ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ شدت پکڑ گیا جس سے عام سوچ متاثر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایسے ذہنوں تک جو باطل کی یک طرفہ بات سن کر نظریات قائم کر لیتے ہیں صحیح بات پہنچانا ہم سب کی انسانی ، اخلاقی اور شرعی ذمہ داری ہے اسی سلسلہ میں ملک کے معتبر تعلیمی اور فلاحی ادارے تنظیم المکاتب کی جانب سے ’’ایک خدا کی عبادت، مخلوق کی خدمت؛ قرآن و محمد ﷺ کا پیغام‘‘ کے عنوان سے سہ روزہ عظیم الشان کانفرنس کا اہتمام 10، 11، 12 دسمبر جمعہ، ہفتہ، اتوار کو کیا جا رہا ہےٍ۔
کانفرنس میں مختلف ادیان و مذاہب کے علماء و دانشوران شرکت کر رہے ہیں۔ قائد ملت مولانا سید کلب جواد نقوی امام جمعہ لکھنو، مولانا سید حسین مہدی حسینی صدر مجلس علماء ہند ، مولانا قاضی سید محمد عسکری دہلی، مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآبؒ لکھنو، مولانا سید رضا حسین ممبر شیعہ سنٹرل وقف بورڈ اترپردیش ، مولانا سید ضمیرالحسن جامعہ جوادیہ بنارس، مولانا سید صفدر حسین جونپور کے علاوہ مولانا کوثر ندوی ناظم جامعہ فاطمہ ؑ لکھنو، عیسائی مذہبی رہنما فادر ڈونالڈ ڈسوزہ، پیرش پریسٹ، کیٹھیڈرل لکھنو نے اس عظیم الشان کانفرنس کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عوام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔