۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
بانیٔ تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کی مجلس ترحیم منعقد

حوزہ/ سکریٹری تنظیم المکاتب نے کہا کہ مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ وہ معلم ہیں جنھوں نے وہ نظام بنایا کہ جسمیں روز انہ ہزاروں بچے لا الہ الا اللہ کہنا سیکھ رہے ہیں تو انکا اجر و جزا کس منزل پر ہو گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بجنور؍لکھنو/ سربراہ تحریک دینداری خطیب اعظم بانی ٔتنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کے یوم وفات پر انکے مزار مقدس کربلا بجنور ضلع لکھنو میں مجلس ترحیم منعقد ہوئی۔ مجلس کا آغاز مولانا سید صفدر عباس فاضل جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا ۔ بعدہ مولانا سید کیفی سجاد صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب اور مولانا اعجاز حسین صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ 

سربراہ تنظیم المکاتب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ نے ــ’’ماکان للہ ینموا‘‘ کو سرنامۂ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: کہ یہ مجلس ترحیم سربراہ تحریک دینداری مولانا سید غلام عسکری اعلی اللہ مقامہ کی یاد میں منعقد ہوئی ہے جنھوں نے وہ ادارہ قائم کیا جسمیں وہ خطوط رکھے ، اس سوچ کو اس میں سمو دیا تا کہ ادارہ جمود کا شکار نہ ہو ، حالاتِ زمانہ کی تبدیلی کے ساتھ وہ کام انجام دے جو اس وقت کی دینداری کی تحریک کی ضرورت ہو۔ اصل میں وہ دیندار ی کی تحریک کے موجب اور سربراہ تھے۔ 

مولانا سید صفی حیدر زیدی نے بیان کیا کہ مجلس ایصال ثواب کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ اس کا اجر و ثواب جو اس دنیا سے چلا گیا  ہے اس تک پہنچایا جائے۔ اگر مجلس میں وہ باتیں بیان ہوں جو مجلس ختم ہونے کے بعد بھی ذہنوں میں باقی رہے اور لوگوں کے کام آئے تو مجلس تو ختم ہو جائے گی لیکن اس کے ثواب کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کیوں کہ نیکیوں کی دو قسمیں ہیں :

 ۱۔کچھ نیکیاں وہ ہیں جو اپنے ساتھ اجر و ثواب لے کر آتی ہیں اور جیسے ہی نیکی ختم ہوتی ہے جزاا ور ثواب کا سلسلہ بھی رک جاتا ہے۔

۲۔ لیکن کچھ نیکیاں وہ ہیں کہ نیکی تو رک جاتی ہے لیکن اجر و ثواب کا سلسلہ جاری رہتا ہےجیسا کہ حدیث میں ہے کہ ’’اگر کوئی کسی نیک کام کی ابتدا کرے تو جب تک اس پر عمل ہوتا رہے گا اس کے بھی نامۂ اعمال میں ثواب لکھا جاتا رہے گا۔ ‘‘ نیکیوں میں سے ایک نیکی دین کی تعلیم دیناہے، یعنی ابتدائی معلومات سے لے کر اس کے اندر دینی شعور پیدا کرنا ۔ دینی بصیرت پیدا کرنا ہے۔

 سکریٹری تنظیم المکاتب نے حدیث ’’ اگر کوئی کسی بچہ کی ایسی تربیت کرے کہ وہ بچہ ’’لاالہ الااللہ ‘‘ کہےتو اس پر جنت واجب ہو جاتی ہے۔ ‘‘کو بیان کرتے ہوکہا کہ مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ وہ معلم ہیں جنھوں نے وہ نظام بنایا کہ جسمیں روز انہ ہزاروں بچے لا الہ الا اللہ کہنا سیکھ رہے ہیں تو انکا اجر و جزا کس منزل پر ہو گی۔ مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ نے صرف ابتدائی تعلیم پر اکتفا نہیں کی بلکہ آپ نے دینی شعور پیدا کیا ، آپ کی مجلسیں آج بھی دینی شعور کی دعوت دے رہی ہیں ۔ 

مجلس ترحیم میں خادمان و کارکنان ادارہ اور اساتذہ و طلاب جامعہ امامیہ کے علاوہ مومنین نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .