۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا حیدر عباس رضوی

حوزہ/ اللہ کی بارگاہ میں استغفار، دعا و مناجات اور اول وقت نماز کی پابندی ہمیں خدا کی رحمت سے نزدیک کرتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ بانیٔ تنظیم المکاتب مولانا سید غلام عسکری طاب ثراہ کے بھتیجے اور سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی کے ماموزاد بھائی اور برادر نسبتی جناب سید باقر عسکری میثم رضوی مرحوم کی مجلس ترحیم بانیٔ تنظیم المکاتبؒ ہال گولہ گنج میں منعقد ہوئی ۔ مولوی علی رضا متعلم جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے مجلس کا آغاز کیا۔ بعدہ مولوی حسین عباس، مولانا علی محمد اور مولانا صفدر عباس بلال مندراپالوی نے بارگاہ اہلبیتؑ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

مولانا سید حیدرعباس رضوی فاضل جامعہ امامیہ نے قرآن کریم کے سورہ غافر کی آیت نمبر ۶۰ ’’اور تمہارےپروردگار نے فرمایا ہےکہ تم مجھ سے دعا کرو میں تمہاری دعا کو قبول کروں گا بیشک جولوگ میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں عنقریب ذلیل و رسوا ہو کرجہنم میں جائیں گے‘‘ کوسرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ ماہ رجب ہے، رجب اللہ کا مہینہ ہے، اس ماہ کو ’’رجب الاصب‘‘ بھی کہتے ہیں کیوں کہ اسمیں رحمت کی موسلادھار بارش ہوتی ہے۔ لیکن جس طرح جنت بہانے سے نہیں بلکہ عمل سے ملے گی اسی طرح اس ماہ کی رحمتیں اور برکتیں بھی عمل سے دستیاب ہوں گی۔ اللہ کی بارگاہ میں استغفار، دعا و مناجات اور اول وقت نماز کی پابندی ہمیں خدا کی رحمت سے نزدیک کرتی ہے۔

مجلس میں اساتذہ و طلاب جامعہ امامیہ، خادمان و کارکنان اور وابستگان ادارہ ٔ تنظیم المکاتب نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ یہ مجلس ترحیم حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب اور انکی اہلیہ (جناب میثم رضوی مرحوم کی خواہر بزرگ) کی جانب سے منعقد ہوئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .