حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شھر جونپور کے مدرسہ جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام میں 17 رمضان المبارک کو مجلس عزا اور مومنین کرام کے لئے افطار کا انتظام کیا گیا۔ جس میں بلا تفریک مزہب و مکتب٬ کثیر تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔
مدرسہ کے مدیر محترم حجۃالاسلام والمسلمین عالی جناب مولانا سید صفدر حسین زیدی نے بتایا کہ سب سے پہلے پروگرام کا اغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا- جس کو جناب مظہر خان صاحب نے انجام دیا- اس کے فورا بعد مجلس سیدالشھداء کا آغاز ہوا- مجلس کو عمدۃ الذاکرین حجۃالاسلام والمسلمین عالی جناب مولانا سید سیف عابدی صاحب نے خطاب کیا۔
مولانا نے مجلس کو خطاب کرتے ہوۓ فرمایا کہ ماہ مبارک رمضان٬ اللہ کا خاص مہینہ ہے جس کے بے شمار فیوض و براکات ہیں۔ اس ماہ میں اللہ اپنے بندوں پر رحمتوں کے تمام دروازہ کھولے رکھتا ہے اور اسی ماہ مبارک میں اپنے بندوں کی تمام گناہوں کو معاف کر دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ لہذا مومنین کو چاہیے کہ اس ماہ مبارک میں کثرت کے ساتھ عبادات کو انجام دیں اور اللہ کی بارگاہ میں انکساری و عاجزی کے ساتھ طلب مغفرت کریں۔
مولانا نے دنیا سے دوری اور آخرت کی رغبت پیدا کرنے کے سلسلہ سے فرمایا کہ کی دنیا کی محبت انسان کو بے خبر و غافل اور آخرت سے انسیت ایماندار بناتی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ انسان جب فقط دنیاوی لذتوں کے حصول میں مسلسل کوشاں رہتا ہے تو منجانب اللہ وہ بہت سی نعمتوں سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ انسان معرفت الہی٬ حق پسندی اور روحانیت سے محروم ہو کر معصیت خدا کا مرتکب ہونے لگتا ہے۔ اس کے بعد مولانا نے مصائب حضرت سیدالشھداء بیان فرما کر مجلس کو ختم کیا۔
بعد مجلس سوال و جواب کی نشست کا آغاز ہوا جس میں مولانا سید صفدر حسین زیدی نے مومنین کے مختلف مزہبی مسئلوں پر مبنی سوالوں کے جواب دیے۔ اس کے بعد مولانا صاحب کی اقتدا میں مومنین نے نماز مغربین ادا کر کے افطار کیا۔