۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/ مولانا سید صفی حیدر زیدی نے فرمایا: حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے عمل کو اللہ نے اپنا عمل بتاتے ہوئے فرمایا ’’اور کیا آپ کو تنگ دست پا کر غنی نہیں کیا‘‘ جس سے آپ کی عظمت کا اندازہ ہوتا ہےکہ آپ کا عمل قدرت کو اتنا پسند آیا کہ اسے اپنا عمل کہا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ ام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات پر مجلس عزا منعقد ہوئی۔ جسکا آغاز مولوی علی محمد معروفی متعلم جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ بعدہ مولوی علی محمد نقوی متعلم جامعہ امامیہ نے بارگاہ جناب خدیجہ سلام اللہ علیہا میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی سکریٹری تنظیم المکاتب نے سورہ الضحیٰ کی۶،۷،۸ آیات ’’کیا ہم نے آپ کو یتیم پا کر پناہ نہیں دی، اور کیا آپ کو گم گشتہ پا کر منزل تک نہیں پہنچایا۔ اور کیا آپ کو تنگ دست پا کر غنی نہیں کیا۔‘‘ کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا۔ ماہ رمضان کی دسویں تاریخ ہے۔ اسی تاریخ میںرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زوجہ جناب خدیجہ سلام اللہ علیہا کی وفات ہوئی اور اسی سال حضورؐ کے شفیق و مہربان چچا جناب ابوطالبؑ کی رحلت ہوئی۔ لہذا آپ نے اس پورے سال کا نام عام الحزن یعنی غم کا سال قرار دیا۔ ظاہر ہے حضور ؐ کسی کافر کی موت پر اعلان غم نہیں کر سکتے۔ یہ اعلان غم ایمان ابوطالب کی نا قابل انکار دلیل ہے۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی نے فرمایا: حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے عمل کو اللہ نے اپنا عمل بتاتے ہوئے فرمایا ’’اور کیا آپ کو تنگ دست پا کر غنی نہیں کیا‘‘ جس سے آپ کی عظمت کا اندازہ ہوتا ہےکہ آپ کا عمل قدرت کو اتنا پسند آیا کہ اسے اپنا عمل کہا۔ اور اللہ کے نبی ؐنے آپ کی وفات کے برسوں بعد ایثار و فداکاری کو یاد کرتے ہوئے فرمایا: ’’خدیجہ ؑمجھ پر اس وقت ایمان لائی جب کوئی ایمان نہ لایا تھا، خدیجہؑ نے اس وقت عطا کیا جب سب نے روک دیا تھا، خدیجہؑنے اس وقت میری تصدیق کی جب سب تکذیب کر رہے تھے۔ ‘‘

واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک میں امریکہ سمیت کناڈا اور یورپ میں مقیم اردو زبان مومنین سے ہندوستانی وقت رات کے ساڑھے گیارہ بجے روزآنہ ’’ وطن سے دور ہم وطنوں کے ساتھ ‘‘ ’’ثقلین سوشل میڈیا یوٹیوب چینل ‘‘ پر بعنوان ذکر و فکر‘‘اسلامی تعلیمات پر مشتمل گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔ جسمیں سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ مختلف موضوعات پر تقاریر کرتے ہیں اور مومنین کے سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔ اس پروگرام میں نظامت کے فرائض جناب احتشام نقوی انجام دے رہے ہیں۔ یہ پروگرام رات میں۸ بجے تنظیم المکاتب یو ٹیوب چینل سے بھی نشر ہوتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .