۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
امام خمینی

حوزہ/ امام خمینی کی برسی کے موقع پر ایک زبردست عالمی کانفرنس برگزار کی گئی جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے محترم علما خطبا اور ذاکرین نے اپنی عالمانہ تقاریر سے بانی انقلاب امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایس این این چینل کے ذریعے امام خمینی کی برسی کے موقع پر ایک زبردست عالمی کانفرنس علامہ ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی کی صدارت میں برگزار کی گئی جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے محترم علما خطبا اور ذاکرین نے اپنی عالمانہ تقاریر سے بانی انقلاب امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایس این این چینل کے ڈائریکٹر مولانا سید کلب عباس الہ آبادی نے کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے فرمایا کہ آج ہم اس خمینی عظیم کا ذکر کر رہے ہیں جس نے فکر بشری میں انقلاب پیدا کیا ہے یہ امام خمینی کی شجاعت و بسالت ہی تھی کہ شاہ ایران کی مضبوط حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پڑے۔ جس نے شجاعت و بسالت کو پیکر عطا کیا ہے اسے امام خمینی کہتے ہیں۔

امریکا میں مقیم بزرگ عالم دین اور آج کے کانفرنس کے مقرر و صدر علامہ سخاوت حسین سندرالوی نے امام خمینی کو بہترین خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام موسی کاظم علیہ السلام نے ایران کے اسلامی انقلاب کی پیشنگوئی کی تھی اس بات کو علامہ مجلسی نے اپنی کتاب بحارالانوار میں ذکر کیا ہے۔ اللہ ہم سب کو مرحوم امام خمینی کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے نائب برحق آیة الله العظمی سید علی خامنہ ای کو طول عمر و صحت کامل مرحمت فرمائے۔ آمین

شکاگو امریکہ سے بزرگ عالم و مفسر قران مولانا سید محبوب مہدی عابدی نجفی نےاپنی تقریر کے دوران فرمایا کہ آج ہم اس عظیم المرتبت ھستی کا ذکر کر رہے ہیں جسے ہم نے کتابوں میں نہیں پڑھا ہے بلکہ ان کے فضائل و محاسن کو نزدیک سے دیکھنے کا شرف حاصل کیا ہے ۔ امام خمینی کے فرزند گرامی آیة الله مصطفی خمینی سے میرے والد بزرگوار مولانا سید ابو الہاشم کے بہت اچھے روابط تھے۔ یہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ نجف اشرف میں امام خمینی نے میرے بھائیوں کے سروں پر دست شفقت پھیرا ہے۔

آسٹریلیا کے ایک عظیم و عبقری عالم مولانا سید ابو القاسم رضوی نے فرمایا کہ امام خمینی ایک کامیاب تحریک اور کامیاب قیادت کا نام ہے۔ غیبت کبری میں ہمارے پاس نہایت ہی معتبر علما کی ایک طولانی فہرست ہے جس میں ہر شخص اس میں آپ ہی اپنا جواب ہے لیکن ایران کے مقدس انقلاب کی بدولت امام خمینی کا ایک الگ ہی مقام ہے جسے الفاظ کے قالب میں ڈھالا نہیں جا سکتا ہے ۔

ٹورنٹو کینیڈا سے مولانا امام حیدر زیدی نے نہایت ہی عمدہ تقریر کے ذریعے امام خمینی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ بادشاہ اور دنیاوی حاکم اس فانی دنیا کی زمین پر اپنا فانی قصر و محل تعمیر کرتے ہیں لیکن امام خمینی اس مرد مجاہد کا نام ہے جس نے مومنین کے باقی رہنے والے دلوں میں محل تعمیر کیا ہے جب تک یہ مومنین رہیں گے امام خمینی کی حکومت قائم رہے گی۔

شہر بنگلور سے ایک بزرگ اور معزز عالم مولانا سید محمد ابراہیم صاحب نے اپنے عالمانہ بیان میں پوری دنیا کو مخاطب کرکے فرمایا کہ امام خمینی اس ذات گرامی کا نام ہے جس نے سوئے ہوئے ضمیروں کو بیدار کیا ہے۔ سلمان رشدی ملعون کے خلاف آپ نے فتوا دے کر سامراجی طاقتوں کے رخسار پر ایسا زناٹے دار طمانچہ رسید کیا ہے جس کی تکلیف سے وہ آج بھی کراہ رہے ہیں۔

انقلابی فکر کے مبلغ اور امام خمینی کے عاشق شہر بنگلور سے مولانا منظور رضا عابدی نے فرمایا کہ یہ صرف ایک ایرانی انقلاب نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا اسلامی انقلاب ہے جس نے فکروں میں بھی انقلاب پیدا کیا ہے ۔ اس الہی انقلاب نے صرف ایک ظالم بادشاہ کا تختہ نہیں پلٹا ہے بلکہ مردہ فکروں کو پلٹ دیا ہے۔ افریقی ممالک عرب ممالک و ۔۔۔ اس کی بہترین مثال ہیں۔

سب سے آخری مقرر کی حیثیت سے مولانا اسلم رضوی پونا نے تمام علما وخطبا کا شکریہ اد اکیا اور فرمایا کہ امام خمینی فضیلتوں کی وہ ھیمالیائی شخصیت ہیں جنہوں نے دنیا والوں کو یہ بتایا کہ جب اھلبیت کے غلام کی اتنی ہیبت ہے کہ مشرق و مغرب کی سامراجی طاقتیں لرز رہی تھیں تو ان کے آقا و مولا کیسے ہوں گے۔

مولانا اسلم رضوی نے اس اہم نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ علم کی طاقت کے مقابلے میں کوئی مادی طاقت نہیں آسکتی اس بات کو امام خمینی نے عملی طور پر ثابت کیا ہے۔

ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف مولانا علی عباس وفا نے اپنی شاندار و دلکش نظامت سے پروگرام کو بیحد دل آویز اور پرکشش بنا دیا۔

واضح رہے کہ یہ پروگرام براہ راست ایس این این چینل ، یو ٹی وی نیٹ ورک حیدرآباد، امام عصر آفیشیل، حیدر ٹی وی کینیڈا اور المھدی ٹی وی امریکہ سے نشر کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .