حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اہل سنت کا ایک عظیم ادارہ ہے جس کا نام جمعیت علمائے ہند ہے جس کے کروڑوں ممبر ہیں اور جو ملک و بیرون ملک میں پوری طاقت و قوت سے اپنے دینی اور سماجی خدمات میں مصروف ہے اس ادارے کی جانب سے مولانا اسلم رضوی شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹر کے سربراہ کو ان کی دینی و سماجی و ملی اور شیعہ و سنی کے درمیان محبت، اخوت و بھائی چارے کو قائم کرنے کے عوض جمعیت علمائے ہند پونا کے صدر عالیجناب مولانا قاری محمد ادریس صاحب نے ایوارڈ سے نوازا اور اس پر آشوب نفرتی دور میں ایک نہایت ہی عظیم الشان پہل کر کے نفرت و تعصب کے سوداگروں کو منھ توڑ اور دندان شکن جواب دے کر تمام شیعوں کے دلوں کو شاد کیا ہے۔
اس موقع پر ایس این این چینل اور یو ٹی وی حیدرآباد جس کے روح رواں حجت الاسلام عالى جناب مولانا علی حیدر فرشتہ صاحب ہیں دل کی گہرائیوں سے محترم مولانا قاری ادریس صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مولانا اسلم رضوی کو ایوارڈ دے کر ایک تاریخی اور یادگاری کام کیا ہے۔
ایوارڈ دینے کا یہ سلسلہ طرفین سے جاری رہنا چاہیے تاکہ امت مسلمہ میں جو اختلاف، دشمنی اور نفرت پھیلانے کی نہایت ہی مذموم کوشش کی جارہی ہے اسے شکست دیا جا سکے اور ہمارے درمیان پیار و محبت کی پر سکون فضا قائم کر کے دشمنوں کو مایوس کیا جا سکے ۔
یاد رہے کہ کسی بھی قوم کے لئے سب سے بڑی طاقت اس کا اتحاد ہے اور سب سے بڑی مشکل اور المیہ اس کا اختلاف و انتشار ہے۔
ہم پوری دنیا میں اس لیے رسوا ہو رہے ہیں کہ ہم آپس میں دست بہ گریبان ہیں اور جب تک ہم میں انتشار رہے گا یاد رہے کہ اسی طرح سپر پاور طاقتیں ہمیں اپنے پیروں سے کچلتی رہیں گی۔
اس لیے ایک بار پھر جمعیت علمائے ہند پونا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مولانا اسلم رضوي کو ایوارڈ دے کر قابل رشک کام کیا ہے۔ اور ساتھ میں مولانا اسلم رضوی کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت و سلامتی و طول عمر کے لیے دعا کرتے ہیں۔