حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت امام محمد باقرؑ کی جانگدازو دلسوز شہادت کے موقع پر امریکہ، یورپ، کینیڈا، اور ہندوستان کے بزرگ اور منتخب علماء کے ذریعے زوم پر آن لائن ایک عظیم الشان اور یادگار کانفرنس ہوئی۔
یہ کانفرنس البقیع آرگنائیزیشن کی طرف سے اور ایس این این چینل کے تعاون سے تقریباً ڈھائی گھنٹہ چلی،
البقیع آرگنائیزیشن کے روح رواں مولانا محبوب مہدی نے شکاگو امریکہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ امام محمد باقرؑ کی شھادت کی مناسبت سے اِس بین الاقوامی کانفرنس میں تعمیر جنت البقیع کا مطالبہ اِس لئے کیا جارہا ہے کہ ہمارا یہ امام بقیع میں مدفون ہے،اسلئے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جس روضے کو اٹھانوے سال پہلے گرایا گیا تھا اُسے تعمیر کیا جائے۔
نیو جرسی امریکہ سے ممتاز عالم دین و مفسر قرآن مولانا تلمیذ حسنین رضوی نے فرمایا کہ جنت البقیع کےسلسلے میں جوکوشش ہورہی ہےوہ اگرحکومتی سطح پر ہو تو اسمیں کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔
کانفرنس کے صدر اور ہندوستان کے سب سے بڑے عظیم عالم دین مولانا سید حمید الحسن صاحب نے اپنی نہایت عالمانہ اور جامع تقریر میں ایک تحقیق پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ جنت البقیع کے انہدام کے خلاف عالمی پیمانے پر احتجاج ہونا چاہئے۔
کینیڈا کے شہر مونٹریل سے بزرگ خطیب مولانا سیداصغر مہدی نے فرمایا کہ ہمیں دُنیا والوں کو یہ بتاناچاہئے کہ حکومت نے بقیع کے روضے کو منہدم کرکے آثار قدیمہ کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
دہلی سے عظیم عالم دین مولانا سیدقاضی عسکری نے فرمایا انشاء اللہ بہت جلدبقیع میں ایک عالی شان روضہ تعمیر ہوگا۔
امریکہ کے شہرلاس اینجلیس کے بین الاقوامی شہرت کے حامل اور ممتاز خطیب و عالم مولانا سید فاضل موسوی نے فرمایاکہ اگر ہم لوگ مل جُل کر بقیع کی تعمیر کیلئےاحتجاج کریں تو اِس کا اثر بہت جلد ظاھر ہوگا۔
ہندوستان کےسب سے بڑے ادارے کے مایہ ناز عالم مولانا سید صفی حیدر سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ نے فرمایا جنت البقیع کے بعد یہ لوگ یہ لوگ گنبدخضرا کو بھی منہدم کرنا چاھتے تھے لیکن عالم اسلام کے احتجاج کے بعد یہ ظالم پیچھے ھٹ گئے۔
ھندوستان کےمعروف مصنف اور نثر کی دنیا کے ایک بڑے ادیب و دانشور مولانا جابر جوراسی نے اِس تحریک تعمیر جنت البقیع کو اور زیادہ موئثر بنانے کیلئے زور دیا۔
عالمی سطح پر اپنی شاعری کا لوہا منوانے والے مشہور شاعرجناب نایاب بلیاوی نے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا اور اپنےکلام سےناظرین کو داد دینے پر مجبور کردیا۔
آخر میں شہر پونہ سے شیعہ علما بورڈ مہاراشٹراکے چیف مولانا سید محمد اسلم رضوی نے یہ اعلان کیا کہ اِس تحریک کو مضبوط کرنے کیلئے علما، خطبا، شعرا، مصنفین، محقیقن، پریس رپوٹرس اور کالم نگار آگے آئیں اور
اِس تحریک کو پورے شدومد کے ساتھ اُٹھائیں۔
البقیع آرگنائزیشن کے سربراہ نے تمام ملک وبیرون ملک کے علما کا شکریہ ادا کیا۔مولانا محبوب مہدی نے تمام انسانوںسے خواہ وہ کسی مذہب ومسلک سے تعلق رکھتے ہوں اپیل کی کہ اِس تحریک میں وہ ہمارا ساتھ دیں کیونکہ اقوام متحدہ کے ریکارڈ میں بقیع آرگنائزیشن کا نام موجود ہے۔
ایس این این چینل کے چیف ایڈیٹر نے اپنی لاجواب نظامت سے ناظرین کو مسحور و فریفتہ کرلیا۔
یاد رہےکہ یہ کانفرنس تقریباً سترہ مختلف چینلوں سے براہ راست نشر کی جارہی تھی۔