۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
مولانا محبوب مہدی

حوزہ/ امریکہ شگاکو سے اس مقدس تحریک کے روح رواں عالیجناب مولانا سید محبوب مہدی عابدی نے فرمایا کہ آٹھ شوال ۱۴۲۴؁ھ کو جنت البقیع کو منہدم ہوئے سو سال مکمل ہوجائیں گے اس لئے ہماری تمام مسلمانوں سے گزارش ہے کہ اس دن پر امن طریقے سے،قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کم سے کم ہزارو شہروں میں تاریخی احتجاج کریں۔ہمیں یقین ہے کہ ہمارا یہ احتجاج ضرور رنگ لائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،زوم کے ذریعہ سے البقیع آرگنائزیشن شگاکو امریکہ کی جانب سے ایک عظیم الشان انٹرنیشنل کانفرنس مولانا محبوب مہدی عابدی سربراہ البقیع آرگنائزیشن کی صدارت میں برگزارکی گئی جس میں ملک و بیرون ملک کے بزرگ و مشاہیر علماء و دانشوروں نے اپنے قیمتی مشورے پیش کئے۔

عالی جناب مولانا سید تحقیق حسین رضوی امام جمعہ بھاونگر گجرات نے کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے فرمایا جنت البقیع کی تحریک تعمیر نو کو کامیاب کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس تحریک میں تمام مسلمانوں کو شامل کیاجائے۔

امریکہ شگاکو سے اس مقدس تحریک کے روح رواں عالیجناب مولانا سید محبوب مہدی عابدی نے فرمایا کہ آٹھ شوال ۱۴۴۴ھ کو جنت البقیع کو منہدم ہوئے سو سال مکمل ہوجائیں گے اس لئے ہماری تمام مسلمانوں سے گزارش ہے کہ اس دن پر امن طریقے سے،قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کم سے کم ہزار شہروں میں تاریخی احتجاج کریں۔ہمیں یقین ہے کہ ہمارا یہ احتجاج ضرور رنگ لائے گا۔

حوزہ علمیہ قم ایران کے محترم استاد مولانا سید منتظر مہدی رضوی نے فرمایا جنت البقیع انگلش کیلنڈر کے حساب سے ۲۱؍اپریل کو منہدم کی گئی تھی۔ جنت البقیع میں فرزندان پیغمبر اسلامؐ کی قبر یں ہیں۔ یہ بات تمام مسلم ممالک کے حکمرانوں تک پہنچائی جائے۔ مولانا موصوف نے جنت البقیع کی تعمیر کے لیے دعا کی اور فرمایا کہ اس تحریک میں پوری طرح میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں۔

معروف خطیب مولانا شفیق حسین شفق نے فرمایا کہ مولانا محبوب مہدی نے جو تحریک تعمیر جنت البقیع چلائی ہے یہ قابل تعریف ہے ہم سب کو اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ممبئی سے معروف عالم دین جناب مولانا ظہیر عباس رضوی نے فرمایا بقیع کی تعمیر کے لئے ضروری ہے کہ ہر ایک کو عملی اقدام کرنا چاہئے صرف تقریر تک محدود نہیں رہنا ہے اور اس عظیم تحریک کے لئے لائحہ عمل بھی تیار ہونا چاہئے۔

حیدرآباد سے یو ٹی وی نیٹ ورک کے روح رواں مولانا علی حیدر فرشتہ نے اپنی پر مغز تقریر کے ذریعہ عالم اسلام کو مخاطب کرکے فرمایا کہ اگر قبر کا بنانا ناجائز اور بدعت ہے تو وہاں کے بادشاہوں کی قبریں کیوں موجود ہیں۔

آخری مقرر کی حیثیت سے پونا سے مولانا اسلم رضوی نے فرمایا اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل ابھی سے آٹھ شوال ۱۴۴۴ھ کو ہونے والے عالمی اور تاریخٰ احتجاج کی تیاری شروع کردیں اور تمام علماء خطباء اور ذاکرین اپنے اپنے علاقے میں یہ بتائیں کہ آٹھ شوال ۱۴۴۴ھ کو بقیع کو منہدم ہوئے سو سال مکمل ہوجائیں گے اس لئے اس دن ہر شخص احتجاج میں شامل ہو۔

پروگرام کے اختتام پر حسب دستور کانفرنس کے صدر مولانا محبوب مہدی صاحب نے تمام علماء خطبا اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس پروگرام کو کامیاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیا ۔نیز ایس این این چینل،امام عصر آفیشیل چینل اور یوٹی وی نیٹ ورک حیدرآباد کا شکریہ بھی اداکیا۔ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف مولانا علی عباس وفا نے اپنی بہترین نظامت سے تمام علماو ناظرین کا دل جیت لیا اور یہ ثابت کیاکہ کیوں انھیں ناظم عبقری سمجھا جاتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .