حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نجف اشرف/ موسسۂ الغدیر نجف اشرف کے مدیر مولانا رومان رضوی کی اطلاع کے مطابق25 نومبر 2021 بروز جمعرات،موسسۂ الغدیر کے زیر اہتمام ایک عالمی جنت البقیع کانفرنس و احتجاجی جلسہ کا انعقاد ہوا،جسمیں سربراہ موسسہ مولانا سید محبوب مہدی عابدی النجفی نے شکاگو،امریکہ سے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز مولانا ابوذر خرم آبادی کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا،بعدہ مولانا رومان رضوی کی نظامت میں شاعر اہلبیت مولانا بلال کاظمی،مولانا شہریار حسین،مولانا ابوذر خرم آبادی نے سرکار رسالتمآب کی شان میں بہترین نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا اور تاریخ جنت القیع کے حوالے سے اہل اسلام کو دعوت فکر دی کہ پیغمبر اکرم کی اکلوتی بیٹی کی قبر مسمار کیوں کی گئی۔
مقررین حضرات میں مولانا سید محبوب مہدی عابدی نجفی نے کہا کہ رسول خدا کی شان میں گستاخی کرنے والے کی اتنی حیثیت بھی نہیں کہ اس سے کلام کیا جائے،یہ تو اسکی اوقات بتانی ہے لہذا ہم جواب دے رہے ہیں،جب یزید ملعون اتنی بڑی حکومت رکھ کر عظمت رسول خدا نہ گھٹا سکا تو اسکی بساط ہی کیا ہے،اسکے بعد آپ نے جنت البقیع کے حوالے سے کہا کہ اب ضرورت ہے کہ تمام مسلمان متحد ہو کر سامراجی طاقتوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور جنت البقیع کی تعمیر کا مطالبہ کریں۔
مولانا رومان رضوی نے اپنے بیان میں کہا کہ گستاخ رسول خدا کو خدا کی جانب سے فورا سزا مل گئی اور وہ یہ کہ جو سر خدا کے سامنے جھکتا تھا وہ اب بتوں کے سامنے خم ہے۔
مولانا نور محمد ثالثی نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے قول کی روشنی میں کہا کہ نہ میرے رسول جیسا عظمتوں کا مالک ماضی میں کوئی ہوا ہے نہ مستقبل میں کوئ ہوگا۔
مولانا سید تنویر عباس رضوی نے جنت البقیع کی عظمتوں کے حوالے سے فرمایا کہ یہ اسلام کی عظمتوں کا بہترین حوالہ ہے،اور یاد خدا وندی کا بہترین ذریعہ ہے۔
مولانا عابس خان نے اپنے مذمتی بیان میں فرمایا کہ ہمارے رسول(ص) نے اپنے دشمنوں کو اپنے اخلاق سے اپنا دلدادہ بنایا،کوئی بھی شان رسالت کم نہیں کر سکتا۔
آخر میں مولانا سید محبوب مہدی عابدی اور مولانا رومان رضوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا،اور دعائے امام زمانہ علیہ السلام کی تلاوت پر پروگرام کا اختتام ہوا۔