۱۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۸ شوال ۱۴۴۵ | May 7, 2024
البقیع آرگنائزیشن مولانا محبوب مہدی

حوزہ/ انہوں نے کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی آج کی تاریخ میں مستضعفین کی آواز بن گیا ہے، اس کے ذریعہ سے حق کی وہ باتیں جو عموماً میڈیا میں بیان نہیں کی جاتیں الحمد للہ اس نیوز ایجنسی کے ذریعہ بیان کی جاتی ہیں اور نہایت ہی مخلصانہ انداز سے دنیا تک پہونچایا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، البقیع آرگنائیزیشن کے سربراہ اور سرزمین امریکہ میں ایک کامیاب مبلغ حجۃ الاسلام والمسلمین سید محبوب مہدی عابدی نجفی کی ایران آمد پر حوزہ نیوز ایجنسی نے ان کی فعالیت اور کارکردگی کے سلسلے میں خصوصی گفتگو کی جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

انٹرویو کے آغاز میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید محبوب مہدی عابدی نے حوزہ نیوز ایجنسی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا: ہندوستان اور دنیا میں جہاں بھی اردو زبان حضرات رہتے ہیں ان کے درمیان حوزہ نیوز ایجنسی کا ایک خاص معیار ہے اور اس ایجنسی کی خبریں لوگوں کے درمیان نہایت معتبر سمجھی جاتی ہیں، شاید اس کی ایک اہم وجہ اس میں لفظ "حوزہ" کا ہونا ہے۔

انہوں نے حوزہ نیوز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی آج کی تاریخ میں مستضعفین کی آواز بن گیا ہے، اس کے ذریعہ سے حق کی وہ باتیں جو عموماً میڈیا میں بیان نہیں کی جاتیں الحمد للہ اس نیوز ایجنسی کے ذریعہ بیان کی جاتی ہیں اور نہایت ہی مخلصانہ انداز سے دنیا تک پہونچایا جا رہا ہے۔

تصاویر/ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محبوب مہدی عابدی کا حوزہ نیوز ایجنسی کا دورہ

حجۃ الاسلام سید محبوب مہدی عابدی نے اپنے تعلیمی سفر کے سلسلے میں بیان کرتے ہوئے کہا: ہمارا بچپن نجف اشرف میں گزرا اور ابتدائی تعلیم وہیں سے ہوئی، ایران عراق جنگ کے زمانہ جو کہ صدام ملعون کی حکومت کا زمانہ تھا، اس وقت میں وہیں پر موجود تھا اور امام خمینیؒ کی اقتدا میں نماز پڑھنے کا شرف بھی حاصل کیا، جس وقت امام خمینیؒ کو عراق سے تبعید کیا گیا اور فرانس بھیجا گیا، اسی زمانے میں ہمارے والد کو بھی عراق سے نکالا گیا اور ہم ہندوستان چلے گئے، اس کے بعد مدرسہ ناظمیہ میں ہماری تعلیم کا سلسلہ شروع ہوا، اس کے بعد قم اور نجف کے مراجع عظام سے ہمارا رابطہ رہا اور سلسلہ آگے بڑھتا رہا۔

انہوں نے اپنے تبلیغی سفر کے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا: ایک زمانے تک ہم دہلی میں مقیم رہے اور مسجد امام علی نقی علیہ السلام میں تبلیغی خدمات انجام دیتے رہے، اس کے بعد تبلیغ کی غرض سے امریکہ جانا ہوا اور تقریباً ۲۰ سال سے امریکہ میں ہی تبلیغی خدمات انجام دے رہے ہیں، اسلامک ایجوکیشن سنٹر جو کہ شیکاگو میں امریکہ کا قدیمی ترین سنٹر ہے اس سنٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

البقیع آرگنائزیشن کے سربراہ نے مزید کہا: اسلامک ایجوکیشن سنٹر اس وقت آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کے زیر نگرانی ہے، اور اس سنٹر کا قانون ہے کہ یہ صرف مرجعیت اعلیٰ کے زیر نگرانی رہتا ہے، خود آیۃ اللہ العظمیٰ سیستانی نے ہمیں وہاں مقرر کر رکھا ہے اور اپنے وکیل کے عنوان سے منصوب کیا ہے، لہذا انہیں کی نیابت میں اس مرکز کی نگرانی اور دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔

انہوں نے اس مرکز کے متعلق مزید بیان کرتے ہوئے کہا: اس مرکز کی بے پناہ خدمات ہیں، خاص کر جوانوں کے سلسلے میں بہتریں خدمات انجام دی جا رہی ہیں، جوانوں کے لئے درپیش مسائل کو حل کیا جاتا ہے، اور سب سے اہم خدمت جو انجام دی جا رہی ہے وہ درس تفسیر ہے جو الحمد للہ بہت ہی کامیاب رہا ہے، ساتھ ہی خطابت کے سلسلے میں بھی پوری دنیا میں خدمات دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: ایام عزا میں تبلیغ کے سلسلے میں ہمارا قیام دنیا کے مختلف ممالک میں ہوتا ہے، اس سال عشرہ مجالس کے سلسلے میں آسٹریلیا جانا ہوا اور اس کے بعد اربعین حسینی میں شرکت کا عظیم موقع فراہم ہوا، اور اسی دوران مراجع کرام سے ملاقات بھی ہوئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .