۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/ سکریٹری تنظیم المکاتب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین نے ہمیں ایسے اچھے کاموں سے بھی روکا ہے جس کی انجام دہی دوسرے مومنین کے لئے مشکلات کا سبب ہو اور انجام نہ دینے کی صورت میں وہ احساس کمتری کا شکار ہوں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بارہ بنکی/ مولانا سید جواد عسکری زیدی کے 13 سالہ فرزند سید محمد عسکری زیدی ثامن مرحوم کی 9؍ نومبر کو اچانک رحلت نے نہ صرف کنبہ کو سوگوار کیا بلکہ جس کسی نے بھی سنا وہ غمگین نظر آیا۔تسکین قلوب کے لئے 11 ؍ نومبر کو صبح 9 بجے مولانا غلام عسکری ؒ ہال بارہ بنکی میں مجلس عزا بعنوان مجلس سوم منعقد ہوئی جسے حجۃ االاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب نے خطاب کیا۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب نے سورہ بقرہ کی آیات ’’اور اے پیغمبر آپ ان صبر کرنے والوں کو بشارت دے دیں۔ جو مصیبت پڑنے کے بعد یہ کہتے ہیں کہ ہم اللہ ہی کے لئے ہیں اور اسی کی بارگاہ میں واپس جانے والے ہیں کہ ان کے لئے پروردگار کی طرف سے صلوات اور رحمت ہے اور وہی ہدایت یافتہ ہیں‘‘ کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ حضورؐ نے اپنے فرزند جناب ابراہیم کی رحلت پر گریہ کیا تو کچھ لوگوں نے سوال کیا کہ آپؐ گریہ فرما رہے ہیں کیا یہ صبر کے خلاف نہیں ہے تو آپؐ نے ارشاد فرمایا: ’’میرا گریہ فطرت کے مطابق ہے اللہ کے فیصلے پر اعتراض نہیں ہے۔ ‘‘ فیصلے کو برداشت کرنا صبر ہے اور قبول کر نا منزل رضا ہے جو ایمان کی اعلیٰ منزل ہے یہی معصومین علیہم السلام ہم سے چاہتے بھی ہیں اور یہ گریہ صبر کے منافی نہیں کیوں کہ مصیبت پر گریہ فطرت کا تقاضہ ہے۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب نے مومنین کو سماج میں رائج بعض نقصان دہ رسموں کہ جس سے آج ہمارا سماج جوجھ رہا ہے اور ہر شخص بہاؤ میں بہہ رہا ہے جیسے موت کے بعد کھانا کھلانے کا چلن کہ سوگوار پہلے ہی سے بیماری وغیرہ کے خرچ سے دو چار تھا، قرض بھی لے چکا تھا اب اسے سب کو کھانا بھی کھلانا ہے ورنہ لوگ کیا کہیں گے، شادی میں مہنگے کارڈ اور دیگر فضول خرچیاں، مومنین کے لئے وقف عمومی قبرستان میں اپنے لئے پہلے سے جگہ لینا جو دوسرے مومنین کے لئے رکاوٹ کا سبب ہوتا ہے۔ کی جانب متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ کوئی کہہ سکتا ہے کہ ہمارے حالات اچھے ہیں ہم خرچ کر سکتے ہیں جو خرچ نہ کر سکے وہ نہ کرے لیکن یاد رہے کہ دین نے ہمیں ایسے اچھے کاموں سے بھی روکا ہے جس کی انجام دہی دوسرے مومنین کے لئے مشکلات کا سبب ہو اور انجام نہ دینے کی صورت میں وہ احساس کمتری کا شکار ہوں۔ مجلس عزا میں علماء ، مبلغین اور مومنین نے شرکت کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .