حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مومنین کی بستیوں کا تبلیغی اور تعلیمی دورہ تحریک دینداری کے نقیب ادارہ تنظیم المکاتب کی اہم سرگرمی رہی ہے۔ اتراکھنڈ کی پہاڑی بستیوں کے تبلیغی دورے کے بعد کاروان تنظیم سربراہ ادارہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ کی قیادت میں ۲۰ ؍ اکتوبر کو لداخ کےدور دراز بستیوں تک تعلیم و دین کا پیغام پہونچانے اور قائم شدہ مکاتب میں روح پھونکنے کے لیے سری نگر پہنچا۔
تصویری جھلکیاں: خادمان تنظیم المکاتب لداخ دورے پر
آج ۲۱ ؍ اکتوبر کو کاروان تنظیم نے لداخ کا دورہ شروع کیا۔اور کرگل میں سانکو سے استیانگ کونگ ہوتے ہوئے ٹرسپون پہنچ گیا ، مکاتب امامیہ کے معائنہ کے علاوہ دینی تعلیمی جلسے منعقد ہوئے جنمیں بچوں نے تعلیمی مظاہرہ کیا اور علمائے کرام نے تقاریر کی۔ سربراہ ادارۂ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ نے مکاتب امامیہ کےمنتظمین اور مدرسین کے ساتھ میٹنگس کیں اور مکاتب کی بہتر کارکردگی کے سلسلہ میں رہ نمائی فرمائی۔ نماز مغرب سے قبل پروگرام اختتام پذیر ہوا کیوں کہ سرد موسم کے سبب شب میں کوئی پروگرام ممکن نہیں ہے۔
کاروان میں حجۃ الاسلام مولانا سید نقی عسکری صاحب قبلہ رکن مجلس انتظام تنظیم المکاتب، مولانا سید توقیر حسین صاحب سینیر انسپکٹر تنظیم المکاتب اور مولانا سید کیفی سجاد صاحب انسپکٹر تنظیم المکاتب کے علاوہ جناب آغا سیّدہادی صاحب مسئول معاون کمیٹی کرگل، معاون کمیٹی تنظیم المکاتب کشمیر کے نگراں سکریٹری ڈاکٹر محمد ابراہیم میر صاحب اور دیگر کارکنان بھی شامل ہیں۔ انشاء اللہ ۳۰ ؍ اکتوبر تک علمائے کرام اور خادمین ادارہ مومنین لداخ کی بستیوں کا کرگل سے لیہ اور نوبرہ ویلی کا دورہ کریں گے۔جہاں ٹمپریچر آجکل مائنس میں رہتا ہے
واضح رہے کہ اس وقت وہاں کا درجہ حرارت صفر سے بھی کم ہے لیکن خدمت دین کے جذبہ و حوصلہ کی حرارت کے سبب کاروان تبلیغ یخ بستہ وادی میں بھی متحرک ہے۔ کرگل میں ادارہ تنظیم المکاتب کے زیر نگرانی 53 مکاتب امامیہ سرگرم عمل ہیں۔ليه میں11 اور نوبرہ میں ابھی 9 مکاتب ہیں۔ اس علاقہ میں کام کی شدید ضرورت ہے، یہاں نور بخشی حضرات رہتے ہیں جو اثنا عشری شیعہ ہیں۔ مگر اپنے بزرگ کی تقلید پر باقی ہیں اور عملی زندگی میں عزادار ہوتے ہوئے حنفی فقہ سے زیادہ مشابہ ہیں۔ اُن کے درمیان وہابیت نے قدم جما لئے ہیں۔دیوبند لے جا کر جوان لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت کر کے اپنے مذہب کی تبلیغ کے لئے واپس بھیج چکے ہیں۔ مسجدیں بھی بن گئی ہیں چند برس قبل حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب کو جب حالات کا اندازہ ہوا تو اپنی بیماری کے باوجود رفقائے کار کے ہمراہ یہاں پہنچے، بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کے لئے مکتب امامیہ قائم کئیے تا کہ اہل بیت علیہم السلام سے وابستہ نسلوں کی حفاظت کی جا سکے اور آج دینی تعلیم و تربیت پانے والے بچے کل مذہب اہل بیت کے مبلغ بن کر دین اسلام اور مذہب اہلبیت علیہم السلام کی حفاظت اور تبلیغ و ترویج کریں۔