۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جشن امام سجاد

حوزہ/ مجمع جہانی اہلبیت علیہم السلام قم ایران کے جنرل سکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی اور ہندوستان میں جامعۃ المصطفی العالمیہ کے نمایندے حجۃ الاسلام و المسلمین رضا شاکری لکھنو دورے پر ادارہ تنظیم المکاتب تشریف لائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جہانی اہلبیت علیہم السلام قم ایران کے جنرل سکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی اور ہندوستان میں جامعۃ المصطفی العالمیہ کے نمایندے حجۃ الاسلام و المسلمین رضا شاکری لکھنو دورے پر ادارہ تنظیم المکاتب تشریف لائے۔ جہاں سربراہ تنظیم المکاتب حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی و دیگر خادمان و کارکنان تنظیم المکاتب اور اساتذہ و طلاب جامعہ امامیہ نے ان کا استقبال کیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے ادارہ تنظیم المکاتب کی دینی، تعلیمی، فلاحی خدمات کا جائزہ لیا۔

حضرت امام زین العابدین علیہ السلام اور یوم قیام تنظیم المکاتب کے موقع پر بانی تنظیم المکاتب ہال میں جلسہ منعقد ہوا۔ جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدہ طلاب جامعہ امامیہ نے تواشیح اور نشید پڑھی۔

جنرل سکریٹری مجمع جہانی اہلبیت علیہم السلام نے طلاب جامعہ امامیہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا: یہاں آ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی، یہ صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک دنیا ہے جہاں دینی، تعلیمی، ثقافتی اور فلاحی خدمات انجام پا رہی ہیں وہ بھی انتہائی نظم و ترتیب سے۔ ماشاء اللہ یہاں آپ طلاب کی ایک بڑی تعداد بھی نظر آئی وہ بھی منظم و مرتب۔ یہ مدرسہ آپ کے لئے نعمت ہے۔ خود مولانا سید صفی حیدر زیدی (سکریٹری تنظیم المکاتب) بھی آپ کے لئے نعمت ہیں۔ خدمات کی انجام دہی میں انکی ہمت و لگن دیکھ کر مجھے حوصلہ ملا۔ یہ اس عمر میں بھی بیس سال کے جوان کی طرح خدمات انجام دے رہے ہیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے طلاب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہئیے کہ ادب سیکھیں، جوانی ادب سیکھنے کا بہترین زمانہ ہے۔ ادب یعنی خودسازی، دوسروں سے اچھا برتاو اور ان دو سے زیادہ اہم اللہ سے بہترین برتاو ہے یعنی اس کی بندگی اور اطاعت کریں۔ امیرالمومنین علیہ السلام نے کہا: "ادب سے بہتر کوئی میراث نہیں ہے۔" جو ادب سیکھ لیتا ہے اسے توفیق بھی نصیب ہوتی ہے اور جسے توفیق حاصل ہو جائے اسکی زندگی کے بہت سے مسائل حل ہو جاتے ہیں۔ روایت میں ہے کہ اپنے دل کو ادب کے ذریعہ وسعت دو، رشد عطا کرو۔

حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے امام خمینی قدس سرہ کا بیان نقل کیا کہ اگر ہم خود کو ادب سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں غور کرنا ہوگا کہ ہمارے سامنے دو لشکر ہیں ایک مثبت ہے دوسرا منفی ہے لہذا چاہئیے کہ ہم اپنی زبان، آنکھ، کان، ہاتھ، پیر، پیٹ اور شہوت پر غالب آئیں تا کہ کامیاب ہوں۔ کچھ لوگ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف سے ملاقات کے لئے مختلف اعمال کرتے ہیں۔ جسکی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ اگر ہم انہیں باتوں پر عمل کر لیں تو امام زمانہ علیہ السلام کی عنائتیں ہمارے شامل حال ہو جائیں گی۔

جنرل سکریٹری مجمع جہانی اہلبیت علیہم السلام قم نے کہا کہ امیرالمومنین علیہ السلام کے خطبہ متقین اور امام حسن علیہ السلام کے نام آپ کے خط کو ہمارے مدارس کے درس اخلاق میں شامل ہونا چاہئیے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح جب ہم ڈاکٹر سے نسخہ لیتے ہیں تو صرف اسے پڑھتے نہیں ہیں بلکہ دواخانہ سے دوا لیتے ہیں اور نسخہ پر لکھی ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔ اسی طرح ہمیں قرآن کریم کی صرف تلاوت نہیں کرنا چاہئیے۔ قرآن کریم ہمارے ایمان کی سلامتی کا نسخہ ہے ہمیں اس پر غور کرنا چاہئیے اور عمل کرنا چاہئیے۔

آخر میں مولانا سید صفی حیدر زیدی سکریٹری تنظیم المکاتب نے حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی ، حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے رضا شاکری اور ان کے ہمراہ آئے علماء حاج آقائے راشدی، مولانا سید محمد رضا غروی، مولانا سید کرامت حسین جعفری، مولانا سید جلال حیدر نقوی، مولانا سید قمر حسنین، مولانا سید اطہر عباس جعفری، مولانا عادل فراز اور کھٹمنڈو نیپال کے امام جمعہ مولانا ڈاکٹر زین العابدین کا شکریہ ادا کیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین رضا رمضانی ، حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے رضا شاکری جامعہ امامیہ سے جامعۃ الزہرا تنظیم المکاتب تشریف لے گئے جہاں معلمات و طالبات نے ان کا استقبال کیا۔ تلاوت قرآن کریم سے جلسہ کا آغاز ہوا۔

محترمہ معصومہ صاحبہ معلمہ جامعۃ الزہرا تنظیم المکاتب نے فارسی زبان میں مدرسہ کا تعارف اور خدمات کو اجمالی طور پر بیان کیا۔ حجۃ الاسلام والمسلمین رمضانی نے طالبات کو نصیحت فرمائی۔

لیبلز