حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے زیر اہتمام ہفتہ وار اجتماعی دعائے توسل برائے صحت و سلامتی رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی، مجتہدین عظام و کل مومنین کیلئے محفل شاہ خراسان روڈ پر دعا کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف شاعر اہلبیتؑ ناصر آغا نے امام زمانہ (عج) کی شان میں کلام پیش کیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی نے دعا کی تلاوت کا شرف حاصل کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امام خمینیؒ کی فکر تیزی سے دنیا میں پھیل رہی ہے، حکومت اسلامی کے مقابلے پر شیطانی طاقتیں عاجز ہوچکی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شیطان کا غصہ بڑھتا جارہا ہے، وہ وقت قریب ہے جب یہ شیاطین اپنے اختتام کو پہنچیں گے اور امام زمانہ (عج) ظہور فرمائیں گے، دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گے، ظلم و جور کا خاتمہ ہوگا، یہ زمین امامؑ کے وجود سے باقی ہے اور ہم ان کا انتظار کررہے ہیں، امام مہدی (عج) کا انتظار افضل ترین عبادت ہے، انتظار کا معنیٰ یہ ہے کہ ان کے آنے کی جو ضروریات ہیں اس کے لئے کام کیا جائے، تمام مظلومین کو یاد رکھنا چاہیئے۔
آخر میں شرکائے دعا میں تبرک تقسیم کیا گیا اور پاکستان کی سالمیت کے لئے دعا کی گئی۔