حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع جھل مگسی بلوچستان پاکستان میں مجلس وحدت المسلمین کی تنظیمی کنونشن منعقد ہوئی جس میں مجلس وحدت المسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خصوصی شرکت کی اور موقع پر مجلس وحدت المسلمین بلوچستان صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار حسین شاہ بخاری اور ضلعی صدر حبیب اللہ نے اپنی کابینہ اور دیگر اراکین کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا اور جلوس کی صورت میں مہمانوں کو مسجد اقصی حسینی محلہ گنداواہ لایا گیا جہاں ضلعی شوری کا اجلاس منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، ضلعی شوری کے اجلاس میں ضلعی کابینہ سمیت جمال شاہ تحصیل، جھل مگسی، سٹی جھل مگسی، حسینی محلہ گنداواہ اور بخاری محلہ گنداواہ کے یونٹس کے اراکین شریک ہوئے۔
اجلاس میں ضلعی صدر نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور انتخابات کے ذریعے اگلے تین سال کے لئے حبیب اللہ ضلع جھل مگسی کے ضلعی صدر منتخب ہوئے اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے نو منتخب ضلعی صدر سے حلف لیا بعدازآں ورکرز کنونشن منعقد ہوئی۔
ورکرز کنونشن سے مجلس وحدت المسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونٹس کو تنظیمی طور پر مضبوط ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یونٹس کی بھر پور کارکردگی اور فعالیت سے ضلع وتحصیل کی تنظیم منظم ہوگی۔ مجلس وحدت کے ہرسطح کے عہدیداران وکارکنان کو اپنی اخلاقی تربیت پر توجہ کرنی چاہیے اور یونٹس و اضلاع کو دعا اور اخلاقی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرنا چاہیے۔
مجلس وحدت المسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی نے اپنے خطاب کے دوران تنظیم سازی اور تنظیم کو بہتر اور مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلا گفتگو کی اور نو منتخب صدر کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید حسن ظفر شمسی، صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار شاہ بخاری اور صوبائی رہنما مجلس علمائے شیعہ بلوچستان مولانا علی نواز عرفانی بھی موجود تھے۔