۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
شفقت شیرازی

حوزہ/ مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول نے کہا کہ غزہ کے مظلومین کی مدد ہمارا شرعی فریضہ ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس فریضے کی ادائیگی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدس/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ امور خارجہ اور مجلس وحدت مسلمین قم کی کابینہ کا مشترکہ اجلاس موسسہ باقرالعلوم کے کانفرنس ہال میں ہوا۔ اس موقع پر طوفان الاقصی اور غزہ کی مظلومیت کے حوالے سے مجلس وحدتِ مسلمین کی فعالیت، اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول علامہ ڈاکٹر علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ غزہ کے مظلومین کی مدد ہمارا شرعی فریضہ ہے اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس فریضے کی ادائیگی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے طوفان الاقصی کے بعد سے لے کر اب تک مجلسِ وحدتِ مسلمین پاکستان نیز اصفہان، مشہد، قم اور برطانیہ سمیت مختلف پروگرامات کا اجمالی خاکہ بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہماری تنظیمی ترجیحات میں سب سے پہلی ترجیح ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدتِ مسلمین قم کے مسئولین نے بھی اپنی دفتری فعالیت اور آئندہ کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کی اور اہم فیصلے کئے۔

مجلسِ وحدت مسلمین قم کے صدر حجۃ الاسلام سید شیدا حسین جعفری نے کہا کہ مظلوموں کی مدد و حمایت ہمارے آئمہؑ اور قائد شہید علامہ عارف حسینیؑ کا راستہ ہے مجلس وحدت کی مسئولیت ہمارے پاس ایک امانت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ قائد شہید کےراستے کو مزید بہتر انداز میں جاری رکھنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے اس حوالے سے کابینہ کے سامنے متعدد نکات پیش کئے جنہیں پر حاضرین نے سیر حاصل بحث کی۔

اجلاس کا دورانیہ دوگھنٹوں پر محیط تھا، اس اجلاس میں زیادہ ترتوجہ فلسطینی صورتحال، تنظیمی امور اور ملکی سیاسی حالات پر مرکوز رہی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .