حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم-ڈبلیو-ایم کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی سے ہیئتِ سندھ نجف اشرف کے سربراہ مولانا شیخ شوکت علی نجفی نے اپنے وفد کے ہمراہ مؤسسہ امام باقر(ع) میں ملاقات اور مختلف موضوعات پر گفتگو کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں ایم-ڈبلیو-ایم کی فعالیت، پاکستان میں لوگوں کی مجلسِ وحدت کی طرف رجحان، پاکستان میں الیکشن کے حوالے سے مجلسِ وحدت کا کردار، نجف میں مقیم پاکستانی طلبہ بالخصوص سندھ کے طلاب کی مشکلات جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر ہیئتِ سندھ کے سربراہ نے علامہ سید شفقت حسین شیرازی کو جنابِ سیدہ فاطمۃ الزہرا (ع) کے عنوان پر ہوئے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلاب کی انعام نوازی کی تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کرنے کی دعوت دی، جسے ایم-ڈبلیو-ایم کے سیکرٹری امورِ خارجہ نے قبول کیا اور اس تقریب میں شرکت کرنے کی یقین دہانی کرائی اور تمام پاکستانی طلاب کی علم و عمل میں کامیابی کیلئے دعائے خیر بھی کی۔