حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم وفد کے ہمراہ عراق میں رہبرِ انقلاب کے نمائندے سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امورِ خارجہ حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایم-ڈبلیو-ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ عراق میں موجود مقام معظم رہبری کے نمائندہ اور وکیل آیت اللہ سید مجتبی حسینی (دام ظلہ) سے منگل کے روز ملاقات کی اور ملکی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات کی ابتداء میں نمائندۂ رہبر معظم کی خدمت میں چیئرمین مجلس وحدت المسلمین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) کا سلام عرض کیا گیا۔
اس ملاقات میں پاکستان کی بدلتی صورتحال، اور شیعہ بے گناہ عوام کا قتلِ عام، ملک کے مختلف گوشوں میں شیعہ نسل کشی، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا ملک میں اثر و رسوخ، ایم-ڈبلیو-ایم کی ملک میں حالیہ سرگرمیاں، پاکستان تحریکِ انصاف سے اتحاد، آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم-ڈبلیو-ایم کا کردار اور نجف میں مقیم پاکستانی طلبہ کی مشکلات سمیت دیگر متعدد موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
نمائندہ رہبر معظم نے ان تمام موضوعات کو دلچسپی سے سنا اور آخر میں پاکستان کے امن و امان اور سلامتی سلامتی کیلئے خصوصی دعائے خیر کی۔