حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الموعظہ عالمی تبلیغی مرکز پاکستان شعبۂ قم کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے علامہ نصرت بخاری نے خطاب کرتے ہوئے تبلیغ کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق، تقریب کی نظامت کے فرائض اس مرکز کے ثقافتی امور کے سربراہ حجۃالاسلام حسن حسرت صاحب نے سرانجام دیئے۔
اس پروقار تقریب کا آغاز برادر گرامی اشرف موحدی نے تلاوت کلام الٰہی سے کیا جس کے بعد برادر محترم زاہد حسین کرار نے بارگاہ اہلبیت علیہم السلام میں نذرانۂ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
رپورٹ کے مطابق، تقریب کے مہمان خصوصی حجۃالاسلام والمسلمین سید نصرت بخاری تھے اور انہوں نے خطاب کرتے ہوئے تبلیغ کی اہمیت اور معاشرے میں اس کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مدرسہ علمیہ حجتیہ کے شعبۂ تربیت و ثقافت کے سربراہ حجۃالاسلام والمسلمین آقائے صرفی نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ ہمیں تبلیغ کے ذریعے مستضعفینِ جہاں کو مہدویت اور مدینہ فاضلہ کی اہمیت اور اس کے ثمرات کی طرف متوجہ کرانے کی ضرورت ہے۔
آخر میں، الموعظہ عالمی تبلیغی مرکز شعبۂ قم کے صدر حجۃالاسلام والمسلمین محمد نذیر عرفانی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ اس ادارے کا مختصر تعارف اور اس کے اہداف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارۂ ہذا کا اصلی ہدف فارغ التحصیل علماء کرام کو سر زمین پاکستان میں تبلیغی امور میں زمینہ فراہم کرنا ہے۔ اگر کوئی مبلغ یہاں سے مکمل طور پر جانا چاہتاہے تو ان کے لئے جگہ کے ساتھ مالی تعاون میں بھی ادارہ اپنی پوری کوشش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک 20 سے زائد مساجد، ادارۂ ہذا کی زیر نگرانی فعالیت انجام دے رہی ہیں۔
حجۃ الاسلام عرفانی نے شعبۂ قم کی فعالیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے شعبہ کو قم المقدسہ میں ابھی کوئی زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن الحمداللہ ہم نے ابھی تک 3 مبلغین کو پاکستان بھیج دیا ہے اور اسی طرح وہاں مدارس کے لئے شارٹ کورس سلیبس بھی یہاں سے تیار کیا جاتا ہے ہے اور اس کے ساتھ اس سال بلتستان میں مختلف دینیات سنٹرز جن کی تعداد پندرہ کے قریب ہے، اس میں ادارے کی فعالیت بھی قابلِ داد ستائش ہے۔
واضح رہے کہ تقریب میں، قم میں دفتر قائد ملت جعفریہ کے سربراہ، قم میں مجلس وحدت ِ المسلمین پاکستان کے چیئرمین، صدور جوامع روحانیت پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان، گلگت، نگر، استور، بلتستان، صدر متحدہ علماء فورم جی بی، نمائندگان شورای منطقہ ای، صدور مجامع سکردو، کھرمنگ، شگر، روندو اور گلتری سمیت علماء کرام مدعو تھے۔ تمام مجمع کے سربراہوں نے اس باوقار تقریب میں بھرپور شرکت کی اور ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے آئندہ کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ادارۂ الموعظہ عالمی تبلیغی مرکز پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور شعبۂ قم کے رابطہ سیکرٹری آقائے مرتضی کمیل کربلائی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے تقریب میں موجود علمائے کرام سے ادارہ کے ساتھ ہر مکن تعاون کی اپیل کی۔