حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان بلوچستان پاکستان کا اہم اجلاس، ضلعی صدر سید انورعلی شاہ دوپاسی کی زیر صدارت دوپاسی ہاوس ڈھاڈر میں منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کی فعالیت اورتحصیل ڈھاڈر کی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلےکئے گئے۔
اس موقعہ پر مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقارعلی سعیدی نے خدمت خلق کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن اور احادیث میں خدمت خلق کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہے۔حقیقی انسان وہ ہے جو دوسروں کے لئے دل میں درد رکھتا ہو، دوسروں سے محبت کا سلوک روا رکھتا ہو اور ان کی مصیبت میں مدد کرتا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دیا گیا ہے، اسے تمام جانداروں سے افضل اور برتر مانا گیا ہے یہ درجہ اور رتبہ اسے صرف اس حالت میں حاصل ہو سکتا ہے جب وہ دوسروں کے غم میں شریک ہو۔ دوسروں کی مصیبت کو درک کرتے ہوئے ان کی مدد اور خدمت کرے۔