حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈھاڈر-بلوچستان/ مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ڈھاڈر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف خوب نعرے بازی کی ۔
اس موقعہ پر مجلس علماء شیعہ پاکستان صوبہ بلوچستان کے نائب صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی، مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کے صدر سید انور علی شاہ دوپاسی، مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کے جنرل سیکریٹری قاضی جمیل احمد انصاری اور دیگر نے خطاب کیا۔
مجلس علماء شیعہ پاکستان صوبہ بلوچستان کے نائب صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی انتہا ہوچکی ہے، ہزاروں فلسطینیوں کا قتل عام اور مسلم امت کی خاموشی اور خاص طور پر عرب حکمرانوں کی بے حسی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا، مظلوموں کی حمایت کرنا اور حق کےلئے جان و مال کی قربانی دینا ملت تشیع کا طرہ امتیاز ہے۔