حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کی جانب سے جشن عید مبعث اور نو منتخب صدر و کابینہ کی تقریب حلف برداری کی مناسبت سے مجمع جہانی اھلبیت علیھم السلام میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گلگت بلتستان کے علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور منقبت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
تقریب سے دفتر قائد ملت جعفریہ قم کے سربراہ حجت الاسلام ڈاکٹر سید ظفر نقوی صاحب نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے متحدہ علمائے فورم جی بی کی کارکردگی کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مجمع جہانی اہل بیت علیہم السلام کے ثقافتی امور کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید محمد رضا آل ایوب نے شرکت کی اور علماء فورم جی بی کے اس اقدام کو سراہا۔
تقریب کے آخر میں، متحدہ مجلس علماء فورم جی بی کی نظارتی کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام شیخ بشارت حسین زاہدی نظارت نے نو منتخب صدر حجۃ الاسلام والمسلمین غلام محمد شاکری اور کابینہ سے حلف لیا اور تقریب کا اختتام دعائے امام زمانہ عجل الله تعالیٰ فرجه الشریف سے کیا گیا۔