حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عید مبعث اور معراج النبی (ص) کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیر اہتمام جامع مسجد شریف بڈگام میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب سعید کی صدارت تنظیم کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی، تقریب سعید سے کئی علمائے دین نے خطاب کیا۔
مقررین نے عید بعثت اور معراج النبی (ص) کی عظمت و فضیلت بیان کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں آغا صاحب نے عید مبعث اور معراج العالم کے موقعہ پر فرزندان توحید کو ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کی۔
آغا صاحب نے کہا کہ یوم بعثت اور شب معراج اسلامی تاریخ کے درخشان باب ہیں۔ پیغمبر اسلامؐ نے 40 سال تک اپنی راست بازی ، انسانیت سازی، امانت داری اور خدمت خلق سے کفار و مشرکین عرب کو اپنے غیر معمولی کردار و عمل اور شخصیت کا قائل بنا دیا۔ اس طرح آنحضورؐ نے دعوت توحید کیلئے راستہ ہموار کیا اور تب جاکر اپنی نبوت کا اعلان فرمایا۔ حالانکہ ہر نبیؐ پیدائشی نبی ہوتا ہے۔ اس طرح پیغمبر اسلامؐ نے داعیان اسلام اور مبلغ دین کیلئے ایک نقش راہ مقرر فرمایا کہ جب تک داعی اپنے کردار و عمل سے لوگوں کو اپنی شخصیت اور اعتباریت کا قائل نہیں بناتا تب تک ان کا دعوتی مشن کامیابی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔
معراج النبی (ص) کا فلسفہ بیان کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیبؐ کو آسمانوں کی سیر کروائی اور اپنے عجائبات کا مشاہدہ کروایا۔اس طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے تمام مخلوقات پر اپنے حبیب ؐکی بے پناہ عظمت و منزلت اور مقام و مرتبے کو واضح کیا ۔ معراج النبیؐ اس کھلی حقیقت کا غماز بھی ہے کہ انسان اپنے فکرو تجسس اور علم و تحقیق سے ستاروں پر بھی کمند ڈال سکتاہے۔