۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
مولانا مسرور عباس انصاری

حوزہ/ انہوں نے کہا کہ بعثت اخلاق و اتفاق، صبر و استقامت،عزم واستقلال،شجاعت ومزاحمت جیسے لامتناہی دروس کا مجموعہ ہے، پس اس سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کی رپورٹ کے مطابق، جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے شب معراج اور عید بعثت کے مبارک اور متبرک موقع پر تمام عالم بشریت بالخصوص امت مسلم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

مولانا مسرور انصاری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا : شب معراج اور روز بعثت، تاریخ انسانیت کے عظیم ترین اور بابرکت دن ہیں اس متبرک دن سے انسانیت کی نجات وابستہ ہے۔ معراج ایک عظیم اور تاریخی معجزہ ہے جو ہمارےنبی ؐ کی تمام مخلوقات پر فضیلت وعظمت کالازوال ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مبعوث بہ رسالت ہونے کے بعد پیغمبر اکرم ؐ نے کھل کر توحید کا پرچم لہرایا اور بشریت کو جن مشکلات، گمراہیوں اور جہالت کا سامنا تھا اس کو ان گمراہیوں اور جہالت کے چنگل سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادوار کے انسانوں کا کمال اور روحانی معراج تک پہنچنے کے لئےیہی راستہ ہے کہ توحید کے پرچم تلے محمد ؐ وآل محمد ؐ کی سیرت پر گامزن ہوکر بعثت کے مشن کو گلے لگائیں۔

مولانا نے کہا کہ پیامبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ (ص) نے حسن اخلاق کی تکمیل کو اپنی بعثت کا مقصد عظیم قرار دیا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ آج کی تاریخ میں امت محمدی ؐ کے دعویدار معاشرے میں اس چیز کا زبردست فقدان پایا جارہا ہے۔ بدقسمتی سے ملت اسلامیہ کے مختلف مکاتب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والےنام نہاد علما اور مفتیان ایک دوسرے کے خلاف نازیبا کلمات استعمال کررہے ہیں اور مفت میں کفر کے فتوے بانٹ کر اخلاق کے تمام اصولوں کو پائمال کررہے ہیں دیگر طبقوں کی تو بات ہی نہیں جو اخلاقی گراوٹ کے فلک بوس لہروں کی نذر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید مبعث کا ایک بہت بڑا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں حسن اخلاق کو فروغ دیں تاکہ تمام چھوٹے بڑے، انفرادی و اجتماعی مسائل کا ازالہ ہوسکے۔مولانا نے کہا کہ روز بعثث سے بنی نوع انسان کی تقدیر وابستہ ہےاور یہ دن دین اسلام کے لئے بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعثت اخلاق و اتفاق، صبر و استقامت،عزم واستقلال،شجاعت ومزاحمت جیسے لامتناہی دروس کا مجموعہ ہے، پس اس سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .