۱۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۹ شوال ۱۴۴۵ | May 8, 2024
عید بعثت کی مناسبت سے علامہ شبیر حسن میثمی کا پیغام

حوزہ / علامہ شبیر حسن میثمی نے عید مبعث کی مناسبت سے جاری کردہ پیغام میں کہا: بعثت خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم (27 رجب المرجب 1444ھ) انسانیت کے لئے ایک عظیم الہی نعمت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بعثت خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم انسانیت کے لئے ایک عظیم الہی نعمت ہے۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بعثت تاریخ اسلام کا ایک اہم ترین باب ہے جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے 40 سال کی عمر مبارک میں انسانوں اور جنوں کی ہدایت کے لیے کارِ رسالت کا آغاز کیا۔ بعثت ایک ایسے سفر کا آغاز ہے جس نے پوری دنیا پر اثرات مرتب کئے اور شخصی آزادی کے لئے انمٹ نقوش چھوڑے۔

علامہ شبیر میثمی نے مزید کہا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو تمام بنی نوع انسانوں اور جنوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا تاکہ وہ صراط مستقیم پر چلتے ہوئے ابدی سعادت حاصل کرسکیں۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے امن، محبت، خدمتِ خلق اور ہمدردی کے پیغام نے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی۔ امت مسلمہ ہونے کے ناطے ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ ہمیں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا پیغام ملا اور ان کے نقش قدم پر چلنے کا موقع نصیب ہوا۔

آئیے تھوڑا سا وقت نکال کر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات پر غور کریں اور انہیں اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔

آئیے ہم دوسروں کے ساتھ اپنے تعلقات میں مہربان اور انصاف پسند بنیں اور ایک ایسی دنیا کی تعمیر کے لیے کام کریں جو ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اَقدار کی عکاسی کرے۔

اس مشکل وقت میں، جب دنیا بے شمار مسائل سے دوچار ہے، آئیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ان الفاظ کو یاد رکھیں، جنہوں نے فرمایا تھا، ’’تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں جو دوسروں کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوں۔‘‘

آئیے اپنے آس پاس کے لوگوں کے لیے روشنی اور امید کا ذریعہ بنیں، اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے سماجی بہبود کے کام کریں۔

علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ اسلامی معاشرے کے لئے قانون پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔ قانون کو نظر انداز کرنا معاشرے میں عدم مساوات کو جنم دیتا ہے۔

عید مبعث کی مناسبت سے علامہ میثمی نے تمام انسانیت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور صراط مستقیم پر چلتے ہوئے دنیا و آخرت کی کامیابی کیلئے دعا کی ہے۔

بعثت، انسانیت کے لئے ایک عظیم الہی نعمت ہے

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .